وزیراعلٰی کا جنوبی پنجاب کا طوفانی دورہ، 12افسر معطل، متعدد کو شوکاز نوٹس

  وزیراعلٰی کا جنوبی پنجاب کا طوفانی دورہ، 12افسر معطل، متعدد کو شوکاز نوٹس

  

   لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے رات گئے بغیر پروٹوکول جنوبی پنجاب کے مختلف شہرو ں کے24 گھنٹے مسلسل طوفانی دورے کئے-وزیر اعلی عثمان بزدار اسلام آباد سے ملتان پہنچے، ملتان سے تونسہ شریف، ڈیرہ غازی خان اور پھر مظفر گڑھ گئے اور آج علی الصبح بذریعہ سڑک ملتان واپس پہنچے - عثمان بزدار 4 شہرو ں کے مسلسل دورے کرنے والے پہلے وزیر اعلی ہیں -وزیر اعلی عثمان بزدارکی ہدایت پر فرائض سے غفلت برتنے اور عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی پر 27 افسروں کے خلاف کارروائی کی گئی-12 افسرمعطل کئے گئے متعدد افسر وں کو شوکاز نوٹس دیا گیا اور ان کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا گیا -وزیر اعلی عثمان بزدار نے عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی اور فرائض سے غفلت برتنے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ڈی ایس پی ملتان، ایس ایچ او ملتان اور سرکل انچارج سپیشل برانچ کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر ڈیرہ غازی خان(ایڈیشنل چارج اے سی تونسہ)، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تونسہ، تحصیل آفیسر (آئی اینڈ ایس) تونسہ اور ایس ایچ او تھانہ تونسہ سٹی کو بھی معطل کر دیا گیا ہے -اسی طرح ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان کے ضلعی انچارج کو عہدے سے ہٹا دیا گیا -انچارج ریسکیو 1122 سنٹر تونسہ، ایڈمن افسر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ، انچارج میڈیسن تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر تونسہ کے ڈاکٹرکو بھی معطل کر دیا گیا ہے -ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان کے انچارج ایمرجنسی کوبھی معطل کر دیا گیا ہے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈیرہ غازی خان (اضافی چارج مینجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈیرہ غازی خان) کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے-وزیر اعلی عثمان بزدار نے ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے کمشنر ز،آرپی او ڈیرہ غازی خان اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہارکیا ہے جبکہ وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈی ایس پی تونسہ، سپرنٹنڈنگ انجینئراور ایکسیئن ہائی وے ڈیرہ غازی خان کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے -چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مظفر گڑھ کو بھی شوکاز  نوٹس دیا گیا ہے -مینجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملتان کی کارکردگی پر اظہار ناراضگی کیا گیا ہے اورایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے - اسی طرح پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ تونسہ کے ایکسیئن اور ایس ڈی او کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے - وزیر اعلی عثمان بزدار نے رات گئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ کا دورہ کیا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا -وزیر اعلی عثمان بزدار مختلف وارڈز میں گئے، مریضوں کی خیریت دریافت کی اور تیمارداروں سے طبی سہولتوں بارے دریافت کیا-وزیر اعلی نے مریضوں کے تیمارداروں کی شکایات کا سخت نوٹس لیا اور  وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹرز کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے-وزیر اعلی عثمان بزدار نے تھانہ سٹی تونسہ کا بھی دورہ کیا اور حوالات میں بند ملزمان سے گفتگو کی -وزیر اعلی عثمان بزدار نے تھانے آنے والے سائلین کی فوری داد رسی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تھانوں میں داد رسی کیلئے آنے والی شہریوں سے اچھا سلوک کیا جائے-پولیس کو عوام کا خادم بن کر فرائض سرانجام دینا ہوں گے- وزیر اعلی عثمان بزدارنے تونسہ شہر کا دورہ کیا اور شہری سہولتوں کا جائزہ لیا -وزیر اعلی عثمان بزدار نے شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہارکیا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ افسران اب کام کریں گے یا گھر جائیں گے- ترقیاتی کاموں میں سست روی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی- عوام کے ٹیکس سے تنخواہیں لینے والے افسران کو عوام کیلئے کام کرنا پڑے گا- عوام کو ریلیف نہ دینے والے افسران کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں -بہت برداشت کر لیا،اب عوام کو سہولتیں نہ دینے والے افسروں کے خلاف کارروائی ہو گی- پنجاب کے ہر ضلع میں جاؤں گا اور عوام کے مسائل خود حل کروں گا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے تونسہ میں ریسکیو1122 سنٹر کا بھی دورہ کیا اور عملے سے گفتگو کی -تونسہ کے دورے کے بعد وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار رات کے پچھلے پہر ڈیرہ غازی خان پہنچے-وزیراعلی عثمان بزدارنے ڈیرہ غازی خان ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیااور ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں اور انکے تیمارداروں سے سہولیات اور ادویات کی فراہمی بارے پوچھا-مریضوں کے تیمارداروں کی جانب سے ادویات اور تھر مامیٹر بازار سے منگوانے کی شکایات کی گئی- وزیر اعلی عثمان بزدار نے شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اورمریضوں سے ادویات اور تھرما میٹر بازار سے منگوانے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے مشیر صحت محمد حنیف پتافی کو معاملہ کی انکوائری کا حکم دیا-وزیر اعلی عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان کے بعد مظفر گڑھ پہنچے اور شہر کا دورہ کیا جبکہ علی الصبح 4 بجے ملتان پہنچے اور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اچانک دورہ کیااور طبی سہولتوں کا جائزہ لیا -وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ کارڈیالوجی کی نئی ایمرجنسی کا کام جلد مکمل کرایا جائے گا-وزیر اعلی عثمان بزدارنے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں طبی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی--وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ جو کام کرے گا، وہی عہدے پر رہے گا۔میں نے ملتان، تونسہ، ڈیرہ غازی خان اورمظفر گڑھ شہروں کے دورے کئے۔جہاں کمی اورکوتاہی نظر آئی،وہاں پر ذمہ داری کا تعین کر کے کارروائی کی گئی ہے۔میں آئندہ بھی اسی طرح سرپرائز وزٹ کروں گا۔

ہنگامی دورہ

   لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے پاکستان میں اٹلی کے سفیرآندریاس فیراریس نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا - اٹلی کے سفیر نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو اٹلی کے دورے کی دعوت دی -ملاقات میں سیاحت اور تاریخی مقامات کے تحفظ کے لئے تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا - وزیر اعلی عثمان بزدار نے اٹلی کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کے لئے بے پناہ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں -صوبے میں 13 سپیشل اکنامک زونز کے قیام کی منصوبہ بندی کی ہے جبکہ7 سپیشل اکنامک زونز نوٹیفائی ہو چکے ہیں - اٹلی کے سرمایہ کار سپیشل اکنامک زونز میں دل کھول کر سرمایہ کاری کریں، ہر طرح کی سہولتیں دیں گے -وزیر اعلی نے بتایا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے نئے مقامات کو ڈویلپ کر رہے ہیں - اندرون لاہور کو اصل حالت میں بحال کیا جا رہا ہے - پنجاب کے دیگر شہروں میں تاریخی مقامات کے تحفظ کے لئے والڈسٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار صوبہ بھر میں بڑھا یا ہے - پاکستان اور اٹلی کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں -

 ملاقات

مزید :

صفحہ اول -