بائیڈن کا وائٹ ہاؤس میں جینڈر پالیسی کونسل کے قیام کا اعلان

  بائیڈن کا وائٹ ہاؤس میں جینڈر پالیسی کونسل کے قیام کا اعلان

  

واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) صدر جوبائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں ”جینڈر پالیسی کونسل“ کے قیام کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر انہوں نے اس سلسلے میں دو ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کئے۔ یہ کونسل چار افراد کے سٹاف پر مشتمل ہوگی جن میں سے تین کو صدر کے ”سپیشل اسسٹنٹ“ کا درجہ حاصل ہوگا۔ صدر بائیڈن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ”دوسری اقوام کی طرح ہماری قوم میں بھی خواتین نے انصاف کیلئے جنگ لڑی ہے۔ رکاوٹوں کو توڑا ہے معیشت کو تعمیر اور برقرار رکھا ہے، بحران کے وقت معاشرتی طبقوں کو ساتھ لے کر چلی ہیں اور پورے وقار اور عزم کیساتھ خدت کی ہے۔ بہت مرتبہ خواتین نے آزادی، مکمل شرکت اور برابر مواقع سے انکار کے باوجود اہوں نے ایسا کیا ہے“۔ صدر بائیڈن نے جو کونسل تکشیل دی ہے اس کی ذمہ داری یہ ہوگی کہ وہ وفاقی حکومت کی داخلی اور خارجی پالیسی پر عملدرآمد کے دوران امتیاز اور تعصب کے خلاف جدوجہد کرے، اقتصادی تحفظ کو فروغ دے،  ہیلتھ کیٹر تک رسائی میں اضافہ کرے اور سفارت کاری، تجارت اور دفاع کے ذریعے عمومی مساوات کو آگے بڑھائے۔ اس دوران نائب صدر کملاہیرس نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر یورپین پارلیمینٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”آج ہم جن عالمی بحرانوں سے گزر رہے ہیں ان سے بہت زیادہ واضح ہوگیا ہے کہ خواتین کی خدمات کتنی ہیں اور وہ کیسے چیلنجوں کا سامنا کر رہی ہیں۔ اگر ہم ایک ایسی دنیا تعمیر کریں جو خواتین کیلئے کام کرے تو ہماری اقوام زیادہ محفوظ، زیادہ مضبوط اور زیادہ خوشحال بن جائیں گی“۔

صدر جوبائیڈن

مزید :

صفحہ اول -