ٹیسٹ ٹیوب حکومت ختم کرکے آزادانہ انتخابات کروائے جائیں، احسن اقبال
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ ٹیوب حکومت کو ختم کرکے آزادنہ انتخابات کروائے جائیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما نے میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مارشل لا اور ہائبرڈ نظام فیل ہوگیا ہے۔ جن لوگوں کو قومی ایوارڈ ملنا چاہیے انہیں جیل بھیجاجا رہاہے۔ملک میں سیاسی بحران کو جلد از جلد ختم کیا جائے۔ آئین کے تحت وفاقی جمہوری نظام ہی چل سکتا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے پاکستان سے گیس کے بحران کو ختم کیا۔ پاکستان کے ہر سیاسی رہنما کو رسوا کیا جا رہا ہے۔
حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومتیں ترجمانوں سے نہیں چلتی۔ مودی کشمیر لے کر چلا جاتا ہے تو ترجمانوں کے اجلاس بلالئے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کا دفاع صرف توپوں اور ٹینکوں سے نہیں ہوتا بلکہ ملک کے دفاع کیلئے مضبوط معیشت بھی ضروری ہے۔ حکومتی معاشی پالیسیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کیلئے بجٹ کی نہیں بلکہ نیت اور عقل کی ضرورت ہوتی ہے، اٹھارویں ترمیم نے ہمارے ہاتھ تو نہیں باندھیں تھے، ہم نے اٹھارویں ترمیم کے باوجودبہترین بجٹ دیا۔
لیگی رہنمانے لانگ مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تمام پاکستانی شہری لانگ مارچ میں شرکت کریں۔ان کا کہنا تھا کہ میرے جسم میں نفرت کی گولی موجود ہے نفرت کی جوتی بھی کھالی ہے۔ہمارے قائد میاں نواز شریف نے شرافت کی سیاست کا درس دیا ہے،ہم پی ٹی آئی کی گالیوں پر یقین نہیں رکھتے۔ انہوں نے لیگی کارکنوں سے اپیل کی ہر پلیٹ فارم حکومتی اقدامات کا جواب دیں۔