’پابندیوں کا خاتمہ کورونا کے پھیلاؤ میں اضافے کا باعث بنے گا‘ برطانیہ کے چیف میڈیکل ایڈوائزر کھل کر بول پڑے
لندن (مجتبیٰ علی شاہ) برطانیہ کے چیف میڈیکل ایڈوائزر پروفیسر کرس وائٹی کا کہنا ہے کہ بہت تیزی سے سسٹم کو کھولنا کوویڈ انفیکشن میں کافی اضافے کا باعث بنے گا اور یہ نقصان دہ ہوسکتا ہے۔
کورونا کے حوالے سے عائد پابندیاں ختم کیے جانے کے حوالے سے پروفیسر کرس وائٹی نے کہا کہ یہ خطرے سے دوچار بہت سے ان کمزور لوگوں کے لیے اچھا نہیں ہوگا جو ابھی تک کورونا ویکسین سے مستفید نہیں ہوئے ۔
انہوں نے سائنس اور ٹیکنالوجی کمیٹی کے ممبران پارلیمنٹ سے کہا کہ ایک دم تمام نظام کو کھولنا نقصان دہ ہوگا۔ بہت سے لوگوں کو لگتا ہے کہ یہ سب ختم ہو چکا ہے لیکن یہ آسان نہیں ہے۔
پروفیسر وائٹی نے مزید کہا حالات سے پتہ چلتا ہے کہ کورونا مزیر پھیلنے والا ہے، اب کی بار اس کی لپیٹ میں وہ لوگ آئیں گے جن کو یا تو ویکسین نہیں لگائی گئی یا جہاں ویکسین نے کام نہیں کیا، لہٰذا لوگ احتیاط سے کام لیں۔