سردار تنویر الیاس کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ، آزاد کشمیر انتخابات اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

سردار تنویر الیاس کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ، آزاد کشمیر انتخابات اور ...
سردار تنویر الیاس کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ، آزاد کشمیر انتخابات اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

  

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان نے  وزیر اعظم  عمران خان سے  ملاقات کی ہے جس میں آزاد کشمیر کے انتخابات اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ،وزیراعظم عمران خان نے سردار تنویر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ریاستی انتخابات سے قبل تمام پارٹی  امور نبٹانے کی ہدایت کردی ۔

تفصیلات کے مطابق سردار تنویر الیاس خان نے وزیراعظم عمران خان سے تفصیلی ملاقات کرتے ہوئے ان کی ہدایت کے مطابق  آزاد کشمیر میں ہونے والی  پیش رفت اور پارٹی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی اور وزیراعظم کو بتایا کہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی مضبوط ہو رہی ہے اور لوگ انکے (عمران خان )کے ویژن پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں جس کی بدولت آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہوگی۔

انہوں نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ تحریک انصاف کے عہدے داران بھی ایک پیچ پر آچُکے ہیں جبکہ اس حوالے سے سینٹر سیف اللہ نیازی کی کاوشیں قابل قدر ہیں جو پارٹی کی ترقی اورترویج کیلئے ہمہ وقت مصروف ہیں ، پی ٹی آئی کے ہم خیال اور عوامی توقعات پر پورا اترنے والے افراد کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی جا رہی ہے اور یہ عمل انتخابی شیڈول کے اعلان سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا اور وزیراعظم کی توقعات کے مطابق پارٹی نچلی سطح پر بطور ادارہ مضبوط ہو گی ۔ سردار تنویر الیاس خان نے وزیر اعظم کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا ۔وزیر اعظم نے سردار تنویر الیاس خان کی جانب سے پنجاب اور آزاد کشمیر میں کئے گئے اقدامات کو سراھا اور آزاد کشمیر میں  پارٹی کے معاملات کو آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔

مزید :

قومی -