دبئی: چیمپئنز ٹرافی فائنل کے دوران ٹریفک جام کا خدشہ، عوام سے پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کی اپیل

Mar 09, 2025 | 10:56 AM

دبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیمپئنز ٹرافی فائنل کے دوران دبئی میں ٹریفک جام کے خدشےکے پیش نظر انتظامیہ نے عوام سے  پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کی اپیل کی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق   آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے دوران دبئی کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کے خلل کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔دبئی میں ٹریفک کے منتظم ادارے روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ دبئی اسپورٹس سٹی کے اطراف ٹریفک جام ہونے کا امکان ہے لہذا کرکٹ کے شائقین کو پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

واضح رہے چمپئینز ٹرافی کا فائنل آج دوپہر انڈیا اور نیو زی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان ہونا ہے جس کی وجہ سے دبئی کی اہم شاہراہ شیخ محمد بن زاید روڈ اور حصہ سٹریٹ پر ٹریفک کی سست روی کا امکان ہے۔دبئی کے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک خلل صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے تک اور رات 8 بجے سے 11 بجے تک متوقع ہے۔

حکام نے شائقین کرکٹ کو سپورٹس سٹی کا سفر کرنے کیلئے  پیشگی منصوبہ بندی کی ہدایت کی ہے۔

دبئی حکام نے اعلان کیا ہے کہ شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم تک پہنچانے کیلئے دبئی میٹرو اور مفت بس سروسز کے ذریعے متبادل سفری سہولتیں دستیاب رہیں گی۔حکام نے بتایا کہ جمیرا گالف سٹیٹس میٹرو سٹیشن سے کرکٹ فینز کو  بسیں مفت میں دبئی کرکٹ سٹیڈیم پہنچائیں گی ۔ 

دبئی سپورٹس سٹی کے اطراف شائقین کرکٹ اور دیگر شہریوں کیلئے ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹیمیں بھی تعینات کی گئیں ہیں جو عوام کی رہنمائی کریں گی۔دبئی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آج دبئی سپورٹس سٹی کے اطراف کا غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔

مزیدخبریں