ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارت کے سابق سپنر روی چندر ایشون نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو ٹاس ہار جانا چاہیے۔
ایشون نے ان خیالات کا اظہار یوٹیوب شو کے دوران کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ چونکہ بھارتی ٹیم کامیابی کے ساتھ ٹوٹل کا دفاع کرتی آئی ہے اور بغیر کسی دباؤ کے ہدف کا تعاقب کیا ہے، اس لیے ٹاس ایک بڑا عنصر نہیں ہونا چاہیے اور روہت کو اس ٹینشن سے فری ہونا چاہیے کہ ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کی جائے یا بیٹنگ۔
ایشون نے کہا دیکھا جائے تو بھارتی ٹیم اس وقت اپنی بہترین پوزیشن میں ہے، وہ ہر ٹوٹل کا دفاع کرتی نظر آئی ہے، بھارت کو ٹاس نہیں جیتنا چاہیے، نیوزی لینڈ کو جیت کر یہ فیصلہ کرنے دینا چاہیے کہ وہ پہلے کیا کرتے ہیں۔
سابق سپنر کا کہنا تھا کہ بھارت پہلے بھی اسی ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کامیاب دفاع کرچکا ہے اور کیویز کو 44 رنز سے شکست دی ہے۔ انہوں نے کہا بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں کامیابی سے بیٹنگ بھی کررہی ہے،اسی لیے ٹیم انڈیا کو اس چیز کا پریشر نہیں لینا چاہیے۔
سابق سپنر ایشون کا مزید کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم صرف بنگلادیش کے خلاف ذرا غیر آرام دہ نظر آئی، ورنہ وہ اس ٹورنامنٹ کی مضبوط ترین ٹیم رہی ہے۔
واضح رہے کہ آج بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا فائنل دوپہر 2 بجے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔