کاکروچ کا دودھ کتنا طاقتور ہے؟ تحقیق میں حیران کن انکشاف

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) فٹنس اور صحت سے متعلق حلقوں میں "سپر فوڈ" کی اصطلاح عام طور پر ان غذاؤں کے لیے استعمال کی جاتی ہے جو غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتی ہیں۔ ہرے پتوں والی سبزیوں، بیریز اور خشک میوہ جات کو بھی سپر فوڈز کہا جاتا ہے تاہم حالیہ تحقیق میں ایک غیر متوقع متبادل "سپر فوڈ" کے طور پر سامنے آیا ہے اور یہ کاکروچ کا دودھ ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ تصور بظاہر عجیب لگ سکتا ہے، لیکن سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کاکروچ کی ایک خاص قسم (Diploptera punctata) کا دودھ گائے کے دودھ سے تین گنا زیادہ غذائیت رکھتا ہے۔ تحقیق کے مطابق یہ دودھ پروٹین، چکنائی اور شکر جیسے اہم غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتا ہے، جس سے یہ زمین پر پائی جانے والی سب سے زیادہ غذائیت بخش اشیاء میں شامل ہو سکتا ہے۔
کاکروچ کے دودھ پر ہونے والی تحقیقات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں، لیکن ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ ایک پائیدار اور غذائی لحاظ سے بھرپور متبادل ثابت ہو سکتا ہے۔ سنہ 2016 میں "جرنل آف دی انٹرنیشنل یونین آف کرسٹالوگرافی" میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق پیسفک بیٹل کاکروچ کی مادہ اپنے بچوں کو دودھ جیسا سیال مہیا کرتی ہے، جو ان کے معدے میں جا کر کرسٹل کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔
"دی انڈیپنڈنٹ" کے مطابق، سائنسدانوں نے پایا کہ یہ زرد رنگ کا مادہ بھینس کے دودھ سے بھی تین گنا زیادہ کیلوریز رکھتا ہے اور اس میں پروٹین، امینو ایسڈ اور صحت مند شکر کی بڑی مقدار شامل ہوتی ہے، جو خلیات کی نشوونما اور مرمت میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ فی الحال کاکروچ کا دودھ تجارتی سطح پر دستیاب نہیں، اور اس کی پیداوار سب سے بڑی رکاوٹ سمجھی جا رہی ہے۔