دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی کپتان روہت شرما نے چیمپینز ٹرافی 2025 کے فائنل میں تاریخ رقم کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں ایک ہزار یا اس سے زیادہ رنز بنانے والے ساتویں بھارتی بلے باز بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ روہت شرما نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں 252 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پہلے ہی اوور میں دوسری گیند پر کیل جیمیسن کو چھکا لگا کر اپنا کھاتہ کھولا۔ اس شاندار چھکے کے ساتھ ہی انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میں ایک ہزار رنز مکمل کر لیے۔ انہوں نے اس اننگز میں 76 رنز بنائے۔
یہ روہت شرما کا نیوزی لینڈ کے خلاف 31واں ایک روزہ میچ تھا اور اب وہ اس ایلیٹ لسٹ میں شامل ہو گئے ہیں جس میں پہلے ہی سچن ٹنڈولکر، محمد اظہرالدین، راہول ڈریوڈ، سورَو گانگولی، وریندر سہواگ اور ویرات کوہلی جیسے لیجنڈری کھلاڑی شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی:
سچن ٹنڈولکر – 1750
ویرات کوہلی – 1656
وریندر سہواگ – 1157
محمد اظہرالدین – 1118
سورَو گانگولی – 1079
راہول ڈریوڈ – 1032
روہت شرما – 1003
نیوزی لینڈ کے خلاف بھارت کی طرف سے ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، جنہوں نے اپنے 22 سالہ شاندار کیریئر کے دوران 42 میچوں میں 1750 رنز بنائے۔ ان کے بعد دوسرے نمبر پر ویرات کوہلی ہیں، جو 32 میچوں میں 1656 رنز بنا چکے ہیں۔