ملکی سطح پر ہائیبرڈ بیجوں کی تیاری کا کام تیزی سے ہو گا‘ سکندہ حیات خان بوسن

ملکی سطح پر ہائیبرڈ بیجوں کی تیاری کا کام تیزی سے ہو گا‘ سکندہ حیات خان بوسن

لاہور ( این این آئی) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی و ریسرچ سکندر حیات خان بوسن نے کہا ہے کہ پلانٹ بریڈرز رائٹس بل کے منظور ہونے کے بعد ملکی سطح پر ہائیبرڈ بیجوں کی تیاری کا کام تیزی سے ہو گا، وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کی کوشش ہے کہ جلد سے جلد سیڈ امینڈمنٹ بل 2014ءمنظور کروایا جائے تاکہ نجی شعبے کو بیج کے تمام پیداواری مراحل میں کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے، دونوں بلوں کی منظوری کے بعد معیاری بیج کی دستیابی مزید بہتر ہو جائے گی، وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کی کوشش ہے کہ ملک میں بیجوں کے نظام کومضبوط بنیادوں پر استوار کیا جائے ، اس سلسلہ میں فیڈرل سیڈ سرٹیفیکیشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اس سال کپاس کی فصل کیلئے بیس ہزار ٹن سے زائد تصدیق شدہ بیج دستیاب ہے جو پچھلے سالوں کی نسبت پانچ گناہ زیادہ ہے،ایف ایس سی اینڈ آر ڈی کو غیر معیاری بیج فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،کاشتکار اور متعلقہ محکمے ایسی کالی بھیڑوں کی نشاندہی کریں جو غیر معیاری بیج کی فروخت میں ملوث ہیں۔ وہ جمعرات کے روز ساہیوال میں سوہنی دھرتی سیڈ کارپوریشن کی طرف سے مکئی کے کاشتکاروں کیلئے انعامی مقابلے کے انعقاد کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔

 انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلوں سے دو مقاصد حاصل ہوں گے۔ ایک طرف کسانوں کے اندر زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کا رجحان بڑھے گا جبکہ دوسری طرف کمپنیوں کے درمیان اچھی سے اچھی کوالٹی کا بیج فراہم کرنے کا مقابلہ بڑھے گا جو زراعت کی ترقی کیلئے نہایت ضروری ہے ۔

مزید : کامرس