عدالت پیش نہ ہونے پر20 پولیس اہلکاروںکے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

عدالت پیش نہ ہونے پر20 پولیس اہلکاروںکے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

لاہور(نامہ نگار )ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال تارڑ نے زیر سماعت منشیات کے مختلف مقدمات میں بطور گواہ متعدد بارطلبی کے باوجود عدالت پیش نہ ہونے پر4 تھانوں کے انسپکٹر ،11سب انسپکٹرز سمیت 20 پولیس اہلکاروں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے سی سی پی اور متعلقہ ایس ایچ اوز کو آئندہ مقررہ تاریخ پر گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔فاضل عدالت نے گزشتہ روز جن پولیس افسران و اہلکاروںکے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں ان میں تھانہ ملت پارک میں درج ہونے والے منشیات کے مقدمہ میں انسپکٹر عمران یٰسین اے ائس آئی آصف ذوالفقار اور محمد احمد کانسٹیبل اور تھانہ مناواں کے سب انسپکٹرمقصود حیات اے ایس آئی لیاقت علی اورتھانہ گوالمنڈی کے سب انسپکٹر عرفان اور تفتیشی سنٹر کے سب انسپکٹر فیاض احمد کو15 مئی 2014کے روز گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے فاضل عدالت نے تھانہ لیاقت آباد کے سب انسپکٹر عارف تفتیشی افسر محمد حسین تفتیشی سنٹر کے سب انسپکٹر اکرام الحق سب انسپکٹر وقاص حسین کے علاوہ شفیق احمد،اسلم کانسٹیبل کے وارنٹ گرفتاری جاری کرکے ایس ایچ او تھانہ لیاقت آباد کو حکم دیا ہے کہ وہ انہیں گرفتار کرکے19 مئی کو عدالت کے روبرو پیش کرے ۔

مزید برآں عدالت نے تھانہ باغبانپورہ کے سب انسپکٹر دلشاد احمد سب انسپکٹر جان محمد تبسم نصیر محرر کے علاوہ مشتاق احمد،حفیظ حمید اور محمد نواز کانسٹیبل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرکے ایس ایچ او تھانہ باغبانپورہ کو حکم دیا ہے کہ وہ انہیں گرفتار کرکے19 مئی کو عدالت کے روبرو پیش کرے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4