11مئی کو ملک میں کوئی قیامت برپا نہیں ہو گی حمزہ شہباز شریف

11مئی کو ملک میں کوئی قیامت برپا نہیں ہو گی حمزہ شہباز شریف
 11مئی کو ملک میں کوئی قیامت برپا نہیں ہو گی حمزہ شہباز شریف

  

                                             اسلام آباد(آئی این پی )مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ 11 مئی کو تحریک انصاف کے احتجاج سے ملک میں کوئی قیامت برپا نہیں ہو جائے گی‘ عمران خان جلد بازی کا مظاہرہ کرنے کی بجائے قومی مسائل کے حل کیلئے حکومت کا ساتھ دیں ‘ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت مضبوط ہو رہی ہے ‘ عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائیں گے۔ وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل میں کسی بھی سیاسی کارکن و جماعت کو احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے لیکن کوئی بھی احتجاج آئین و قانون کے دائرہ کار میں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی کو تحریک انصاف کے احتجاج سے حکومت خوفزدہ نہیں ہے ‘ ڈی چوک تحریک انصاف کے احتجاج سے کوئی قیامت برپا نہیں ہو جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ملکی مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ عمران خان جلد بازی کا مظاہرہ کرنے کی بجائے ملکی مسائل کے حل کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوںکی وجہ سے ملکی معیشت مضبوط اور روپیہ مستحکم ہو رہا ہے جس کی تعریف برطانوی حکومت نے بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائے گی اور رواں ماہ کے آخر میں نندی پور میں بجلی کے منصوبہ کا وزیر اعظم افتتاح کریں گے۔

حمزہ شہباز شریف

مزید : صفحہ اول