پاکستان کا بیلسٹک مزائل حتف تھری غزنوی کا دوسری بار کامیاب تجربہ

پاکستان کا بیلسٹک مزائل حتف تھری غزنوی کا دوسری بار کامیاب تجربہ

                                     راولپنڈی/اسلام آباد( خصوصی رپورٹ ) پاکستان نے زمین سے فضا اور زمین سے زمین پر 290 کلو میٹر تک مارکرنے والے بیلسٹک میزائل حتف تھری غزنوی کا دوسری بار کامیاب تجربہ کرلیا، صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہاہے کہ مسلح افواج ملکی سرحدوں کی حفاظت کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔ جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق حتف تھری غزنوی بیلسٹک میزائل کا تجربہ آرمی سٹرٹیجک فورسز کمان کی جنگی مشقوں کے دوران کیا گیا اور اس میزائل کایہ دوسر اتجربہ تھا جس کا مقصد سٹرٹیجک میزائل ِگروپ کی جنگی تیاریوں کا جائزہ لینا ہے۔ حتف تھری غزنوی بیلسٹک میزائل زمین سے فضا اور زمین سے زمین پر 290 کلو میٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ ا یٹمی اور روایتی ہتھیاربھی لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بیان کے مطایق میزائل تجربہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک پلان ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل سجاد علی، چیئرمین نیسکام، سٹرٹیجک فورسز کے سینئر حکام، سائنسدانوں اور انجینئرز نے دیکھا ۔ اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی۔ آرمی چیف نے جنگی مشقوں میں شریک دستوں کی پیشہ وارانہ مہارت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ اپنے خطاب میں جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان دنیا کا بہترین کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم رکھتا ہے۔ مسلح افواج ملکی سرحدوں کی حفاظت کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ہم دفاع وطن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج ہر طرح کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی اہلیت رکھتی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ کامیاب میزائل تجربے پر صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔

مزید : صفحہ اول