عمران خان غیر ضروری عنصر ہیں قوم کا وقت ضائع کر رہے ہیں فضل الرحمان

عمران خان غیر ضروری عنصر ہیں قوم کا وقت ضائع کر رہے ہیں فضل الرحمان

           ملتان( اے این این ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دھاندلی کا شور وہی مچا رہے ہیں جن کو دھاندلی سے مسلط کیا گیا،حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا انجام اچھا نہیں لگ رہا،مذاکرات کامیاب کرانے کا طریقہ ہمارے پاس موجود ہے۔ملتان کے جامعہ قاسم العلوم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان کی دھاندلی سے متعلق بات اور احتجاج کی کوئی اہمیت نہیں اگر ہم نے دھاندلی کے خلاف اکٹھا ہونا تو پورے ملک میں دھاندلی کی بات کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخواہ میں بھی پی ٹی آئی اے کے لوگوں کو دھاندلی سے جتوایا گیا عمران خان کی دو چار حلقوں کی بات کرنے سے لگتا ہے کہ یہ کسی ایجنڈے کے تحت سب کچھ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کافی عرصے سے قوم کا وقت ضائع کررہے ہیں پوری زندگی انہوں نے کوئی سنجیدہ کام نہیں کیا عمران خان غیر ضروری عنصر ہے میڈیا ان پر زیادہ توجہ نہ دے ۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں امن قائم ہو حکومت جس ٹریک پر جارہی ہے یہ مذاکرات کی کامیابی کا راستہ نہیں ۔ میں مذاکرات کےلئے وہ راستہ بتاﺅں گا جس سے مذاکرات کامیاب ہونگے ۔ انہوں نے کہاکہ سنجیدہ راستہ اختیار کیا جائے تو مسائل حل ہوسکتے ہیں ملک میں امن وامان قائم کرنے کےلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کبھی نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ غیر سیاسی قوتیں جن کی سیاست میں کوئی اہمیت نہیں جن کو قوم پر مسلط کیاگیا ہے وہ دھاندلی دھاندلی کررہے ہیں چور خود کہہ رہا ہے چور چور چور ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی راستے میں رکاوٹیں آئیں تو کوئی سیاستدان یہ نہ سوچے کہ پاکستان میں جمہوریت مستحکم ہوگی ۔

 

مزید : علاقائی