خاندان سے باہر کےافراد کی اجاز ت نہ دینے پر شیخ زید ہسپتال کے ایم ایس کی طلبی
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے خاندان سے باہر کے افراداور قریبی دوستوں کے ساتھ جگرکی پیوند کاری کی اجازت نہ دینے کیخلاف دائر درخواست پر شیخ زید ہسپتال کے سینئر میڈیکل آفیسر کو 12مئی کیلئے طلب کر لیا۔جسٹس منصور علی شاہ نے جگر کے مریض آصف جاوید کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر ریاست علی نے عدالت کو بتایا کہ آصف جاوید جگر کے مرض میں مبتلا ہے، مریض نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو جگر کی ٹرانسپلانٹیشن کیلئے مالی مدد کی درخواست کی جسے منظور کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے مریض کو شیخ زید ہسپتال ریفر کر دیا، ہسپتال کے میڈیکل بورڈ نے بھی سفارش کی ہے کہ مریض کا جگر تبدیل ہونے کی ضرورت ہے مگر مریض کے خاندان کے کسی بھی فرد کے ساتھ اس کا بلڈ گروپ اور دیگر عنصر مماثلت نہیں رکھتے ، بیرسٹر ریاست علی نے عدالت کو بتایا کہ مریض کے ایک قریبی دوست کا بلڈ گروپ اور دیگر عنصر مماثلت رکھتے ہیں مگر شیخ ہسپتال کی انتظامیہ قریبی دوست کے ساتھ مریض کی ٹرانسپلانٹیشن کرنے سے انکاری ہے، بیرسٹر ریاست علی نے بتایا کہ قانون کے مطابق خاندان کے افراد کی عدم موجودگی میں کسی قریبی دوست یا کسی دوسرے شخص کے ساتھ جگر ٹرانسپلانٹیشن کی جا سکتی ہے، اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے محکمہ صحت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا جبکہ شیخ زید ہسپتال کے سینئر میڈیکل آفیسر کو بھی 12مئی عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے ۔
پیوندکاری