مریم نواز کو بطور چیئرپرسن یوتھ لون سکیم کام سے روکنے کیلئے متفرق درخواست پر سماعت آج ہو گی
لاہور(نامہ نگار خصوصی )وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کو بطور چیئرپرسن یوتھ لون سکیم کام سے روکنے کیلئے متفرق درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کر دی گئی ہے، جسٹس اعجاز الاحسن آج اس متفرق درخواست کی سماعت کریںگے ۔مریم نواز کی بطور چیئرپرسن یوتھ لون سکیم تعیناتی کیخلاف بنیادی درخواست پہلے ہی جسٹس اعجاز الاحسن کی عدالت میںزیر سماعت ہے ،اس بنیادی کیس میں ایڈووکیٹ شیراز ذکا کی طرف سے متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جب تک بنیادی درخواست کا حتمی فیصلہ نہیں ہو جاتا تب تک مریم نواز کو بطور چیئرپرسن یوتھ لون سکیم کام کرنے سے روکا جائے، بنیادی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز کو قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن تعینات کیا گیا، مریم نواز کی تعیناتی کیلئے حکومت نے کوئی اشتہار جاری نہیں کیا ، درخواست گزار کا موقف ہے کہ مریم نواز کی بطور چیئرپرسن یوتھ لون سکیم تعیناتی کیلئے مشترکہ مفادات کونسل سے مشاورت لازمی تھی جو نہیں کی گئی ، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مریم نواز کی بطور چیئرپرسن یوتھ لون سکیم تعیناتی کالعدم قرار دی جائے، بنیادی درخواست پر عدالت نے وفاقی حکومت سے پہلے ہی جواب طلب کر رکھا ہے ۔