شمالی وزیرستان : غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ، سرچ آپریشن میں 60 مشتبہ افراد گرفتار

شمالی وزیرستان : غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ، سرچ آپریشن میں 60 مشتبہ ...
شمالی وزیرستان : غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ، سرچ آپریشن میں 60 مشتبہ افراد گرفتار

  

شمالی وزیر ستان: گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر بارودی سرنگ دھماکے میں 9 اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کے بعد پولیٹکل انتظامیہ نے شمالی وزیرستان میں غیر معینہ کے لیے کرفیو نافذ کر دیا ہے۔پولیٹیکل انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرفیو کے دوران تمام اہم شاہراہوں پر ہر قسم کی ٹریفک بند رہے گی، سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بھی بند رہیں گے۔ کرفیو کی وجہ سے مقامی افراد اور مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، میران شاہ بنوں روڈ پر سیکڑوں گاڑیاں جب کہ میران شاہ اور بنوں بس اڈے پر سیکڑوں مسافر پھنس گئے ہیں۔دوسری جانب شمالی وزیرستان میں گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر ہونے والے بارودی سرنگ کے دھماکے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران 60 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ میں غلام خان روڈ پر سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو ریموٹ کنٹرول بم کی مدد سے نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں9 اہلکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

مزید : وزیرستان