عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ بیرسٹر اسجد کی جانب سے عدالت عالیہ میں دائر کردہ درخواست میں کہا ہے کہ عمران خان کے کہنے پر تحریک انصاف کے کارکنان نے 7مئی کو ہائی کورٹ میں توڑ پھوڑ کی جس سے عدالتی وقار مجروح ہوا ۔درخواست گزار کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان عدلیہ کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کرتے رہے ہیں اور اس سے عدالت کا تقدس پامال ہوتا ہے۔یاد رہے کہ عمران خان ایک حلقے میں انتخابی نتائج کی دوبارہ گنتی کے خلاف حکمِ امتناعی کیس میں 7مئی کو ہائی کورٹ میںپیش ہوئے تھے۔اس سے پہلے گذشتہ سال اگست میں بھی سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کے حوالے سے عمران خان کے خلاف دلائل سنے گئے تھے جن کا تعلق ان کی جا نب سے عدلیہ کے لیے لفظ شرمناک کے استعمال سے تھا۔ اس معاملے میں عدالت نے عمران خان کے خلاف نوٹس خارج کر دیا تھا۔