چین نے ماحولیاتی آلودگی کے مقابلے کیلئے پانی کی توپیں تیار کرلیں
بیجنگ (نیوز ڈیسک) چین پر ماحولیاتی آلودگی کا حملہ اس قدر شدید اور بڑے پیمانے پر ہوچکا ہے کہ اب اس ملک نے اس دشمن سے لڑنے کیلئے توپیں نکال لی ہیں۔ مگر گھبرائیے نہیں یہ توپیں آگ نہیں اگلیں گی بلکہ ان سے پانی فائر کیا جائے گا۔ چین کے شمال مغربی صوبے گانزو کے صدر مقام لائنزو میں حکام نے ایسی بڑی بڑی توپیں نصب کی ہیں کہ جو فضا میں 2000 فٹ تک پانی کے باریک زرات پھینکیں گی اور اس طرح فضا میں موجود آلودگی کے ذرات پانی کے ساتھ گھل کر نیچے آگریں گے۔ فی الحال پانی کی ان توپوں کو ایک زیر تعمری میٹر سٹیشن کے قریب نصب کیا گیا ہے تاکہ یہاں پیدا ہونے والی اضافی آلودگی کو روکا جاسکے۔ چین کے بڑے شہروں میں فضائی آلودگی اس قدر زیادہ ہوچکی ہے کہ بعض ماہرین نے اسے نیوکلیئر ونٹر سے تشبیہہ دی ہے۔ نیوکلیئر ونٹر سے مراد وہ لمبا سرد موسم ہے جو کہ ایٹمی دھماکوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے زرات اور گرد کے سورج کی روشنی کو زمین تک پہنچنے سے روک دینے سے پیدا ہوگا۔