لوڈشیڈنگ 11 سال تک ختم نہیں ہو گی، پاک فوج جیسی کوئی فوج نہیں، مسلم لیگ ن کو صرف سلیوٹ چاہئے: شیخ رشید

لوڈشیڈنگ 11 سال تک ختم نہیں ہو گی، پاک فوج جیسی کوئی فوج نہیں، مسلم لیگ ن کو ...
لوڈشیڈنگ 11 سال تک ختم نہیں ہو گی، پاک فوج جیسی کوئی فوج نہیں، مسلم لیگ ن کو صرف سلیوٹ چاہئے: شیخ رشید

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی چور تھی تو ن لیگ والے ڈاکو ہیں، گیارہ مئی کے بعد گیارہ سال تک لوڈشیڈنگ کم نہیں ہو گی، فوج پر الزامات لگانا غلط ہے، عوام کی نظریں فوج پر ہیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کے بادشاہ اسحاق ڈار نے دو نسلوں کو مقروض کر دیا،میرا کمبل اتارنے کا پروگرام بن رہا ہے، استعفیٰ دے کر جاﺅں گا، میں بچہ نہیں، گولی اندر اور سرکس جالندھر ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب پاکستانیوں کو بیرون ملک سفر کرنے کیلئے پولیو سرٹیفکیٹ لینا پڑے گا، ایک وقت آئے گا جب شہباز شریف ائیرپورٹ پر پولیو کے قطرے پلائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں اغواءبرائے تاوان کی وارداتیں بڑھ رہی ہیں، وہ جان تو دے سکتے ہیں لیکن راولپنڈی کی عزت پر داغ نہیں لگنے دیں گے، راولپنڈی کا ایک ووٹر بھی کہہ دے تو استعفیٰ دینے کوتیار ہوں۔ شیخ رشید نے کہا کہ وہ طاہر القادری کے جلسے میں بھی شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے، لوڈشیڈنگ گیارہ سال تک ختم نہیں ہو سکتی۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسا دنیا میں کوئی ملک نہیں، پاک فوج جیسی کوئی فوج نہیں، دنیا کی ہر خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے ڈرتی ہے، سی آئی اے، موساد، کے جی بی، ایم ون 6 اگر کسی سے ڈرتی ہیں تو آئی ایس آئی سے، مسلم لیگ ن کو صرف سلیوٹ چاہئے، عوام کی نظریں فوج پر لگی ہوئی ہیں۔

مزید : اسلام آباد /اہم خبریں