عرب شہری کا دو بھارتیوں کو کروڑوں کا دھوکہ، ایسا واقعہ کہ تفصیلات جان کر آپ بھی مقامی لوگوں کے ساتھ کاروبار کرنے سے پہلے بار بار سوچیں گے

عرب شہری کا دو بھارتیوں کو کروڑوں کا دھوکہ، ایسا واقعہ کہ تفصیلات جان کر آپ ...
عرب شہری کا دو بھارتیوں کو کروڑوں کا دھوکہ، ایسا واقعہ کہ تفصیلات جان کر آپ بھی مقامی لوگوں کے ساتھ کاروبار کرنے سے پہلے بار بار سوچیں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں ایک مقامی بزنس مین کے ساتھ ملکر کاروبار کرنے کی کوشش دو بھارتی سرمایہ کاروں کو بہت مہنگا پڑ گئی اور بیچارے کروڑوں کا نقصان کروا بیٹھے۔
خلیج تائمز کے مطابق بھارتی سرمایہ کاروں کو 34 سالہ اماراتی شخص نے ایک قابل بھروسہ بزنس مین کا روپ دھار کر اپنے جال میں پھنسایا۔ تینوں نے شراکت داری کا معاہدہ کیا اور شارجہ کے ایک بڑے شاپنگ مال کے اندر سینما تھیٹر قائم کرنے کے پراجیکٹ کا آغاز کردیا گیا۔
اماراتی شخص پراجیکٹ کے کام کی نگرانی پر مامور تھا اور اپنے بھارتی ساتھیوں کو وقتاً فوقتاً کام کی پیشرفت کی رپورٹ دیتا رہا، جو کہ دراصل شروع ہی نہیں ہوا تھا۔ اس شخص نے مختلف مواقع پر اپنے بھارتی ساتھیوں سے لاکھوں درہم لئے اور انہیں جعلی رسیدیں بنا کر بھیجتا رہا۔ اس نے کنسٹرکشن مٹیریل، الیکٹرانک و مکینیکل آلات اور سینما کے دیگر لوازمات کی خریداری کی جھوٹی رسیدیں بھارتی سرمایہ کاروں کو بھیجیں اور ان رسیدوں کے بدلے بھاری رقوم ان سے منگوائیں۔
بیچارے بھارتی بزنس مین رسیدیں اپنے پاس سنبھال سنبھال کر رکھتے رہے، لیکن انہیں کیا معلوم تھا کہ وہ جس پراجیکٹ کے مکمل ہونے کے منتظر ہیں اس کا دراصل کوئی وجود ہی نہ تھا۔ جب اماراتی شخص نے سینما تھیٹر میں بڑی سکرین انسٹال کرنے کے لئے 24 لاکھ درہم کا مطالبہ کیا تو بھارتی سرمایہ کاروں نے اتنی بڑی رقم فراہم کرنے سے پہلے پراجیکٹ کی پیشرفت کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے کا فیصلہ کیا۔ جب انہوں نے شاپنگ مال سے رابطہ کیا تو پتہ چلا کہ وہاں اس قسم کا کوئی کام نہ پہلے کبھی ہوا تھا اور نہ اب ہورہا تھا۔ یہ سنتے ہی دونوں بھارتی سرمایہ کاروں کے پاﺅں تلے سے زمین نکل گئی اور وہ اماراتی بزنس مین کی تلاش میں نکل کھڑے ہوئے، لیکن اس کا کہیں سراغ نہیں مل رہا تھا۔
اس فراڈ کی اطلاع پولیس کو موصول ہوئی تو دھوکہ باز شخص کی تلاش شروع کردی گئی، اوربالآخر پولیس اسے گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ اماراتی شخص بھارتی سرمایہ کاروں کو دھوکہ دینے کے لئے دسمبر 2011 سے جون 2012ءتک ہر قسم کی جعلی دستاویزات تیار کرتا رہا، اور ان پر مختلف سرکاری اداروں کی جعلی مہریں بھی لگاتا رہا جبکہ افسران کے دستخط بھی خود ہی کرتا رہا۔ ملزم لوٹی گئی رقم راس الخیمہ میں اپنے ایک کاروباری پراجیکٹ میں لگارہا تھا۔ پولیس نے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد مقدمہ عدالت میں پیش کر دیا، جہاں ملزم کو ایک سال قید کی سزا سنادی گئی۔

مزید :

عرب دنیا -