کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کیلئے 15جون کی ڈیڈ لائن

کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کیلئے 15جون کی ڈیڈ ...

لاہور(اے پی پی )صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کیلئے 15جون کی ڈیڈ لائن دے دی گئی بصورت دیگرسوسائٹیوں کی انتظامیہ کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی‘کوآپریٹو سوسائٹیوں میں ڈینگی کے تدارک کیلئے پنجاب حکومت کے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کروایا جا رہا ہے‘ رجسٹرار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی پنجاب چوہدری محمد نواز نے کہا ہے کہ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ اور ٹرانسفرز میں فراڈ و جعل سازی کے خاتمہ کی غرض سے بائیو میٹرک سسٹم متعارف کروایا گیا ہے جس سے جعل سازوں اورفراڈ کرنیوالوں کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے،انہوں نے بتایا کہ اس وقت صوبائی دارالحکومت لاہور میں 105 جبکہ پنجاب بھر میں 246 سے زائد کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیاں قائم ہیں جن میں اب تک 90فیصد نظام کمپیوٹرائزڈ ہو چکا ہے،انہوں نے کہا کہ لاہور میں 70فیصد سے زیادہ کوآپریٹو سوسائٹیوں میں ترقیاتی کام مکمل ہو چکے ہیں، بائیو میٹرک سسٹم سمیت سوسائٹیز میں ایل ڈی لائٹس کی تنصیب بھی کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکیموں کے معاملات ٹی ایم ایز اور ضلعی حکومتیں دیکھ رہی ہیں اور متعلقہ بائی لاز پر مکمل عملدرآمد کروایا جا رہا ہے،چوہدری محمد نواز نے کہا کہ کوآپریٹو ڈیپارنمنٹ ڈینگی آگاہی مہم ٗ یوتھ سپورٹس فیسٹیول سمیت ہر شعبہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے، انہوں نے کہا کہ بائیو میٹرک سسٹم کے متعارف کروانے سے پلاٹوں کی ٹرانسفروں میں فراڈ جیسے دیگر معاملات تقریباً ختم ہو چکے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو سوسائٹیوں میں ممبران کی جانب سے شکایات موصول ہونے پر فوری طور پر نوٹس لے کر ازالہ کیا جاتا ہے۔

مزید : کامرس