حکومت ملک میں نظام مصطفی نافذ کرے،جماعت اہلسنّت کا علماء کے دستخطوں کے ساتھ خط

حکومت ملک میں نظام مصطفی نافذ کرے،جماعت اہلسنّت کا علماء کے دستخطوں کے ساتھ ...

لاہور( نمائندہ خصوصی) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی اور مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے 500علماء و مشائخ کے دستخطوں کے ساتھ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو خصوصی خط ارسال کیا ہے ۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت ملک میں نظام مصطفی نافذ کرے کیونکہ آئین حکومت کو نفاذ شریعت کا پابند بناتا ہے۔سودی نظام معیشت کا خاتمہ کرکے اسلامی نظام معیشت نافذ کیا جائے۔عریانی و فحاشی کے سدباب کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ عدالتوں سے سزایافتہ گستاخان رسول کو پھانسیاں دی جائیں۔ غیر شرعی حقوق نسواں بل واپس لیا جائے۔قرار داد مقاصد پر عمل کو یقینی بنایا جائے۔وزیر اعظم قانون ناموس رسالت میں کسی بھی طر ح کی کو ئی ترمیم نہ کرنے کا اعلان کریں۔

اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کو پارلیمنٹ میں زیر بحث لاکر قانون سازی کی جائے۔آئین کی اسلامی شقوں پر عمل کیا جائے۔نصاب تعلیم اور نفاذ تعلیم کو اسلامی ڈھانچے میں ڈھالا جائے۔طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ کرکے امیر اور غریب طلبہ کو یکساں تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں۔ سرکار ی محکموں میں کرپشن ، سفارش اور رشوت کا خاتمہ کیا جائے۔عدالتی نظام کی خامیاں دور کی جائیں۔ سزا و جزا کا نظام موثر بنایا جائے۔احتساب کا شفاف نظام تشکیل دیا جائے۔خط پر جن علماء و مشائخ نے دستخط کئے ہیں ان میں پیر خالد سلطان قادری ، پیر میاں غلام یٰسین شاہ، صاحبزادہ غلام صدیق نقشبندی، مفتی محمد اقبال چشتی، پیر سید شمس الدین بخار ی، علامہ فاروق خان سعیدی، علامہ خلیل الرحمن چشتی، مفتی فضل جمیل رضوی، علامہ رفیق احمد شاہ جمالی، صاحبزادہ محمد عثمان غنی، مفتی لیاقت علی، علامہ رضوان انجم، مولانا محمد حنیف چشتی، مولانا شیر محمد نقشبندی، علامہ خالد حسن مجددی، پیر سید فدا حسین شاہ حافظ آبادی، علامہ اللہ بخش رضا، علامہ رضوان یوسف و دیگر شامل ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4