ایاز صادق کو بالآخر این اے122کے عوام کا سامنا کرنا ہو گا ،عبدالعلیم

ایاز صادق کو بالآخر این اے122کے عوام کا سامنا کرنا ہو گا ،عبدالعلیم

لاہور( نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایاز صادق کب تک عدالتی احکامات اوردفتری کاروائیوں کے پیچھے چھپیں گے انہیں بالاخر این اے122کے عوام کا سامنا کرنا ہو گا اور دوسروں پر جعلی اسٹام پیپر کا الزام لگانے والوں کو 25ہزار جعلی ووٹوں کے اندراج و منتقلی کا جواب دینا ہو گا عبدالعلیم خان نے این اے122کے علاقے انجن شیڈ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جعلی سپیکر خاطر جمع رکھیں انہیں بھاگنے نہیں دیں گے اور ہر قیمت پر این اے122کے ضمنی الیکشن کا حساب لے کر رہیں گے ایک سوال پر عبدالعلیم خان نے کہا کہ لندن کے نو منتخب مئیر صادق خان ہم سب کیلئے مثال اور قابل احترام ہیں عمران خان نے کبھی اُن کے خلاف کوئی بات نہیں کی البتہ سردار ایاز نے صادق کا نام بدنام کیا وہ صادق اور امین نہیں رہے اور وہ سردار بھی مشرقی پنجاب والے ہیں اُن سے این اے122کے عوام سوال پوچھتے ہیں کہ گذشتہ 14برسوں میں کتنے تعلیمی ادارے اور ہسپتال بنائے یا کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیے انہوں نے کہا کہ آج آئے روز این اے122میں پھرتیاں دکھانے کی بجائے انہیں محنت کرنی ہو گی اور لوگوں کے دل جیتنے ہوں گے عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ این اے122کے ضمنی الیکشن پر سپریم کورٹ گئے ہوئے ہیں بے ایمانی اور جھوٹ بے نقاب ہو گا انشا ء اللہ وہ دن دور نہیں جب ایک مرتبہ پھر سردار ایاز صادق کو ڈی سیٹ ہوکر گھر کی راہ لینی ہو گی انہوں نے چیلنج کیا کہ ایاز صادق این اے122میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے حقائق میڈیا کے سامنے رکھیں تا کہ دود ھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے انہوں نے کہا کہ عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے زیر اہتما م این اے122کے عوام کی خدمت کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ ،ویل چئیرز کی تقسیم اور ڈسپنسریوں کے قیام سمیت فلاحی منصوبوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور ہم عوام کی کسی بھی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر خدمت جاری رکھیں گے عبدالعلیم خان نے مدرز ڈے کے حوالے سے کہا کہا میں اس حلقے کی تمام ماؤں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم اپنی مساعی کے مطابق اُن کے مسائل کے حل کی کوششیں جاری رکھیں گے اور انہیں پینے کے صاف پانی سے لے کر صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کریں گے اس موقع پر پی پی147 سے ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے کہا کہ عبدالعلیم خان نے اس علاقے کی ہمیشہ دل و جان سے خدمت کی ہے اور یہاں کے عوام نے بھی ہمیشہ اُن کا بھرپور ساتھ دیا ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1