ماں جیسی عظیم ہستی عزت، احترام ، عقیدت، محبت اورتکریم کے لائق ہے،وزیراعلیٰ پنجاب

ماں جیسی عظیم ہستی عزت، احترام ، عقیدت، محبت اورتکریم کے لائق ہے،وزیراعلیٰ ...

لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ورلڈ مدرز ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد ماں کی عظمت اور اس عظیم رشتے کے تقدس کو اجاگر کرنا ہے اور اس دن کا بنیادی مقصد ماں کیلئے عقیدت، شکر گزاری اور محبت کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔ اس دن اپنی ماؤں کو یہ احساس دلایا جاتا ہے کہ وہ ان کے لیے ہمیشہ اہم تھیں،ہیں اور رہیں گی۔ماں کے سامنے شفقت اور انکساری سے جھکے رہنا عزت کی بلندیوں تک پہنچا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں جیسی عظیم ہستی عزت، احترام ، عقیدت، محبت اورتکریم کے لائق ہے۔ والدین کو محبت کی نگاہ سے دیکھنا قبول حج کے ثواب کے برابر ہے۔ہماری تہذیب کی پوری عمارت ماں کی تعظیم اور اطاعت پر قائم ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اولاد کی خوشحال زندگی کا محور ماں ہے جو اولاد کے لاکھوں راز اپنے دل میں چھپا لیتی ہے۔ماں پیار کے سمندر کی مانند ہے جو ہر وقت جوش میں رہتا ہے اور اس کا پانی کبھی خشک نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ماں کی دعاؤں سے ہر مشکل کی گھڑی، صعوبت اور مشقت آسان ہو جاتی ہے۔ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ماں کی عزت و تکریم کو یقینی بنائیں گے۔

مزید : علاقائی