’کرپشن فری پاکستان ‘مہم ملک بھر میں پھیل چکی ،جماعت اسلامی
لاہور ( پ ر ) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب قیم ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ ظالمانہ نظام کے خلاف جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان مہم ملک بھر میں پھیل چکی ہے جسے کوئی نہیں روک سکتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے آئی یوتھ لاہور کے زیر اہتمام کرپشن فری پاکستان کیمپ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن وہی ختم کر سکتے ہیں جو خود صاف ہوں اس وقت سیاست میں کریشن جسے ناسور سے پاک صرف جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا بھر پور ساتھ دینا ہو گا تاکہ ملک کو کرپشن جسے ناسور سے پاک کیا جا سکے ۔امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے اس مو قع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی دولت لو ٹنے والے کرپٹ حکمران اب احتساب سے نہیں بچ سکیں گے ۔حکمران لوٹ کھسوٹ میں مصروف عمل ہیں اور ملک دن بدن کمزور ہوتا جا رہا ہے ، ملک کی آدھی آبادی کو پیٹ بھر کر کھانے کو نہیں ملتا ، غربت ، بے روزگاری اور مہنگائی نے لوگوں کا جینا حرام کر رکھا ہے اور لوگوں کے لیے صحت اورتعلیم کی بنیادی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ملک کی مجموعی آبادی کا ایک بڑاحصہ پینے کے صاف پانی سے محروم ہے اور حکمران قومی دولت پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے ملک سے باہر بھیج رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے بچے بیرون ملک اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کرتے ہیں اور پاکستان کی مظلوم عوام اپنے بنیادی حقوق سے محروم اوربھوک سے مر رہے ہیں وہاں وزیراعظم کس منہ سے بیرونی ممالک کے لوگوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک بے رحم احتساب نہیں ہو گا اس وقت تک کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگر میوں کے لیے اسٹیڈیم اور گراونڈ،ملنا چاہیے تھے لیکن موجودہ حکمرانوں نے پہلے سے موجود کھیلوں کے میدان ختم کر دیئے ہیں ۔قذافی اسٹیڈیم کے قریب اورمینار پاکستان کے ساتھ کھیلوں کے بہت بڑے گراؤنڈ ختم کر دیئے ہیں ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے لیے کھیلوں کے میدان ، جم خانوں کا اہتمام کرے ۔ جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہد نوید ملک نے کہا کہ ہم نے عوام کو کرپشن کے ناسور کے خاتمے کے لیے اور انہیں اپنا ہمنوا بنانے کے لیے ممبر سازی مہم کا آغاز کر دیا ہے اور جے آئی یوتھ لاہور شہر بھر میں اہم چوکوں پر رواں ماہ میں کیمپ لگائے گی جس میں عوام کو جماعت اسلامی کی کرپشن فری مہم کا حصہ بنایا جائے گا ۔ انہو ں نے کہا کہ آج کے کرپشن فری کیمپ میں بڑی تعداد میں نوجوانوں، مزدوروں ، تاجرتنظیموں ، صحافیوں ، طلبہ، وکلاء اور عام لوگوں کے علاوہ علاقے کے موثر افراد نے شرکت کر کے اس مہم کو آگے بڑھانے میں ہماری حوصلہ افزائی کی ہے۔