ماہ اپریل ؛ سنگین وارداتوں میں ملوث مختلف گینگز کے 241ملزمان گرفتار

ماہ اپریل ؛ سنگین وارداتوں میں ملوث مختلف گینگز کے 241ملزمان گرفتار

 لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی مجاہد سید کرار حسین نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت جاری کارروائیوں کے دوران پولیس ریسپانس یونٹ نے ماہ اپریل کے دوران شہر میں ہونے والی ڈکیتی ، راہزنی ، چوری،منشیات فروشی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث241ملزمان کوگرفتار کیاہے۔ گرفتار ملزموں سے منشیات، مال مسروقہ،نقدی اوربھاری مقدار میں ناجائز آتشیں اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مختلف علاقوں میں پیٹرولنگ اور سنیپ چیکنگ کے دوران ڈکیتی اور راہزنی میں ملوث5گینگز کے 19ملزمان، منشیات کے47، 94اشتہاری اور عدالتی مفرور، ناجائز اسلحہ کے 18، پتنگ بازی کے 4سمیت دیگر جرائم میں ملوث 241ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے 23 پسٹل، 3 رائفل،178 گولیاں،13کلو سے زائد چرس، 119 بوتل ولائتی،150لیٹر دیسی شراب، 10 موبائل اور 3لاکھ 40ہزار نقدی بھی برآمد کی ۔ انہوں نے مزید کہاملزمان انتہائی خطرناک اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں جن کا پیشہ ہی جرائم ہے اور یہ ملزمان جیل میں نہ صرف نئے گینگ تشکیل دیتے ہیں بلکہ جیل سے باہر آتے ہی دوبارہ منظم ہو کر وارداتیں شروع کر دیتے ہیں۔نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت پولیس ایسے پیشہ ور ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کارروائیاں کر رہی ہے اور ان خطرناک پیشہ ور ملزمان کی گرفتاری اس بات کا عملی ثبوت ہے ۔ اس موقع پرایس پی مجاہد نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف شہر بھر میں پولیس ریسپانس یونٹ کی ٹیمیں دن رات سر گرم عمل ہیں اور شہریوں کے ساتھ ہونے والی ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کی ناصرف روک تھام بلکہ شہریوں سے لوٹے ہوئے مال کی برآمدگی پر بھی بھرپور توجہ دی جارہی ہے ۔ ایس پی مجاہدسید کرار حسین نے مزید کہا کہ میری شہریوں سے اپیل ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں اورجب بھی اپنے اردگرد جرائم پیشہ افراد اور غیر قانونی سرگرمیاں دیکھیں توفوراً ریسکیو15 پر اطلاع دیں تاکہ پولیس آپ کی مدد کے لئے پہنچ سکے۔

مزید : علاقائی