سکھر، ایم کیو ایم کارکنوں کا مصطفیٰ کمال کے قافلے پر پتھراؤ، شہر میں کشیدگی

سکھر، ایم کیو ایم کارکنوں کا مصطفیٰ کمال کے قافلے پر پتھراؤ، شہر میں کشیدگی

سکھر (خصوصی رپورٹ) ایم کیو ایم اور پاک سرزمین پارٹی کے کارکن آمنے سامنے آ گئے۔ مصطفیٰ کمال کے قافلے پر پتھراؤ سے شہر میں کشیدگی پھیل گئی۔ پاک سرزمین کے رہنمامصطفی کمال کہتے ہیں کہ بھارتی ایجنٹوں سے پیسے لے کر معصوم بچوں کو ورغلایا جا رہا ہے۔ دشمن ایجنسیاں خوشحالی کے لیے نہیں بھائی سے بھائی کو لڑانے کے لیے پیسہ لگاتی ہیں۔ ہنگامہ آرائی سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس موقع پر شدید نعرہ بازی کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کیا۔پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ تیس سال کے دوران لیڈروں نے بھائی سے بھائی کو لڑایا۔ گمراہ لوگوں نے کسی انسان کو خدا سمجھ رکھا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پاکستان میں بہت خون بہہ چکا ہے۔ وہ ماؤں کی گودیں اجڑنے سے بچانے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

مزید : صفحہ اول