جنگی جرائم میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی درست، پاکستان ہمارے داخلی معاملات میں مداخلت نہ کرے: بنگلہ دیش

جنگی جرائم میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی درست، پاکستان ہمارے داخلی معاملات ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ڈھاکہ( اے این این )بنگلا دیش میں جماعت اسلامی کے امیر مطیع الرحمن نظامی کی سزائے موت کے خلاف نظرثانی کی اپیل مسترد کئے جانے پر پاکستان کی تشویش برا مناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس کے داخلی معاملات میں مداخلت سے باز رہے اور 1974ء کے سہ فریقی معاہدے کی غلط تشریح نہ کرے ۔بنگلہ دیش کے وزیرمملکت برائے خارجہ امور محمد شہریار عالم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی طرف سے مطیع الرحمن نظامی کی نظرثانی کی اپیل مسترد ہونے پر تشویش کا اظہار کرنا مناسب نہیں ، ہم اپنے داخلی معاملات کے بارے میں غیر ملکیوں کی تشویش یا تحفظات کا خیر مقدم نہیں کرتے ، انہوں نے کہاکہ جس طرح پاکستان نے ہمارے داخلی معاملے میں تشویش ظاہر کی ہے میں بھی اسی طرح کے الفاظ دہراتا ہوں ، ایسے اقدامات ہمارے لئے پریشانی کا باعث بنتے ہیں ، ہم نے بارہا پاکستان سے داخلی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کا کہا ہے لیکن دوسری جانب سے بار بار اس طرح کے بیانات دیئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان جنگی جرائم کا ارتکاب کرنیوالوں کی آئندہ نسل کو یہ پیغام دینے کی کوشش کررہا ہے کہ وہ ان کی حمایت کرے گا ، اگر ایسی بات نہیں تو پھر جنگ جرائم کا ارتکاب کرنیوالوں کی سزاؤں پر اسے کیا تکلیف ہے ؟ انہوں نے کہا کہ 1974ء کے معاہدے کے تحت بنگلہ دیش نے اس بات پر رضا مندی ظاہر کی تھی کہ وہ جنگی جرائم کے مرتکب 195پاکستانیوں کیخلاف کارروائی نہیں کرے گا ۔ایسی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی تھی کہ 1971ء میں بربریت کرنیوالے اپنے شہریوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی ، میں پاکستان پر زوردیتا ہوں کہ وہ 1974ء کے معاہدے کی غلط تشریح نہ کرے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت داخلی معاملات میں مداخلت کے حوالے سے پاکستان کیساتھ مناسب انداز میں معاملہ اٹھائے گی ، ہم اس سلسلے میں اپنے سفارتی ذرائع کو استعمال کرینگے۔انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش کے عوام نے جنگی جرائم میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی توثیق کی ہے اور یہ عوامی لیگ کا انتخابی منشور بھی تھا ،انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے ٹرائل کے عمل میں شفافیت یقینی بنائی ہے اور اس سلسلے میں عالمی معیار کو برقراررکھا گیا اور عالمی برادری کے تحفظات دور کیے گئے ۔
بنگلہ دیش

مزید :

علاقائی -