بدامنی پھیلانے والے حکومت نہیں پاکستان کیساتھ دشمنی کررہے ہیں: احسن اقبال

بدامنی پھیلانے والے حکومت نہیں پاکستان کیساتھ دشمنی کررہے ہیں: احسن اقبال

لاہور( خبر نگار)وفاقی وزیرترقی و منصوبہ بندی انجینئر احسن اقبال نے کہا کہ آج جولوگ سیاسی استحکام کو پارا پارا کرنا چاہتے ہیں اور ملک میں بد امنی پھیلانا چاہتے ہیں وہ حکومت کے دشمن نہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ دشمنی کر رہے ہیں ، مسلم لیگ ن تمام تر مشکلات کے باوجود اپنے ترقی کے خوابوں کو کسی صورت ادھورا نہیں چھوڑے گی ،کسی کو پاکستان کے استحکام کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے ، آج موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت دنیا کی پہلی 8معیشتوں میں پاکستان کوساتویں نمبر پر قرار دے رہے ہیں، یہ صرف باتوں سے ہی نہیں اس مقام پر آگیا بلکہ بہت محنت سے آیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دی انسٹیٹیوشن آف انجینئرز پاکستان کے زیر اہتمام انجینئرز ڈے 2016ء کے موقع پر نیشنل ایکسی لینسی ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین انجینئر جاوید سلیم قریشی ٗ جواد حید گیلانی ٗ انجینئر امیر ضمیر و دیگر بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی انجینئر احسن اقبال نے کہا کہ ماضی میں ترقی کے بہت سے کیچز ڈراپ کیے لیکن آئندہ نہیں کریں گے ۔ آج اگر معیشت کا پہیہ چل رہا ہے ، لو گ پو ری دنیا سے پاکستان کا رخ کر رہے ہیں تو یہ تبدیلی نہیں تو اور کیا ہے کچھ لو گوں کو آج کل کرپشن پر پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں لیکن اگر حکمران کرپٹ اور بدنیت ہو تے تو اس ملک کی معیشت ترقی نہ کر تی بلکہ دیوالیہ ہو گئی ہو تی ،خزانے بھرے نہ ہو تے بلکہ خالی ہو تے ۔ آج پاکستان جس مقام پر کھڑا ہے اس کو ٹیک آف کرنے کے لئے انجینئرز کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کاوشوں سے توانائی بحران ٗ امن و امان کی صورتحال ٗ معیشت میں بہتری ٗبین الاقوامی سرمایہ کاری کی آمد سمیت پاکستان کو دیگر درپیش مسائل کو حل کرنے میں کافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 65سالہ تاریخ میں سیاسی استحکام اور معاشی پالیسیوں کا ملاپ نہیں ہو سکا۔موجودہ دور حکومت میں ملک کے اندر معاشی استحکام کے ذریعے بہتر نتائج موصول ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تھر میں کوئلہ سے سستی بجلی پیدا ہو گی ٗ چین کی مدد سے قدرت کا سونا (کوئلہ) 2018ء میں 6600میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا۔ساہیوال میں 1320میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔پورٹ قاسم میں 10ماہ پہلے سمندر کا پانی تھا جہاں توانائی منصوبہ کی بدولت ستمبر 2017ء تک بجلی پیدا ہونا شروع ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں موٹروے کے منصوبوں سمیت سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے جس سے کنسٹرکشن کی صنعت کو تقویت ملے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں فری زون کا قیام ٗبندرگاہ کی تعمیر اور ہوائی اڈہ سمیت دیگر منصوبوں سے صوبہ بلوچستان میں خوشحالی آئے گی۔

احسن اقبال

مزید : علاقائی