اوپن یونیورسٹی کی ملک گیر تعلیمی خدمات مثالی ہیں ٗ محمد بلیغ الرحمن

اوپن یونیورسٹی کی ملک گیر تعلیمی خدمات مثالی ہیں ٗ محمد بلیغ الرحمن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) "علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ملک گیر تعلیمی خدمات مثالی ہیں ٗ یونیورسٹی کی مجموعی ترقی اور طلبہ کی سہولتوں میں اضافے کے لئے کئے گئے نئے اقدامات شرح خواندگی بڑھانے میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔پاکستان کی یہ میگا یونیورسٹی جنوبی پنجاب کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں نمایاں اور قابل ستائش کردار ادا کررہی ہے"ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ٗ محمد بلیغ الرحمن نے رحیم یار خان میں اوپن یونیورسٹی کے بلڈنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔وزیر مملکت نے ملک میں تعلیمی سہولیات کی اپ گریڈنگ کے لئے حکومت کے حالیہ اقدامات تفصیل سے بیان کئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اوپن یونیورسٹی کی ملک گیر تعلیمی خدمات کو سراہتی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اوپن یونیورسٹی اپنے ملک گیر تعلیمی نیٹ ورک کے ذریعہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہائش پذیر بنیادی سہولیات سے محروم لوگوں کو تعلیمی نیٹ میں لانے کی اپنی کوشش جاری رکھے گی۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلبہ کی سہولتوں میں اضافے ٗ تعلیمی پروگرامز اور خدمات میں بہتری لانے کے نتیجے میں ریکارڈ داخلے ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کا یونیورسٹی پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور سمسٹر بہار 2016ء کے داخلوں میں ملک بھر سے 7۔لاکھ سے زائد طلبہ نے داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے اپنے خطاب میں مقامی سماجی کارکن کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے رحیم یار خان کیمپس کی تعمیر کے لئے خطیر رقم عطیہ کی تھی۔رحیم یار خان میں اوپن یونیورسٹی کیمپس کی بلڈنگ138۔ملین روپے کی لاگت سے تیارکی گئی ہے جس میں مقامی طلبہ کے لئے تمام تعلیمی سہولتیں دستیاب ہیں جن میں 2۔لیبارٹریز ٗ لائبریری ٗکانفرنس ہال ٗ 10۔کلاس رومزٗ ورکشاپس ہال ٗ ویڈیو کانفرنسنگ ہاں اور مسجد شامل ہیں۔ رحیم یار خان کیمپس بلڈنگ کی افتتاحی تقریب سے اسسٹنٹ ریجنل ڈائریکٹر ٗ میاں محمد عدنان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کیمپس سے مجموعی طور پر 6۔ہزار طلبہ علم حاصل کررہے ہیں جس میں 2۔ہزار بی ایڈ پروگرام کے طلبہ ہیں۔