ڈاکٹر عاصم حسین کی بھارت میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کا انکشاف
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی بھارت میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کا انکشاف ہونے پر نیب نے ضمنی ریفرنس داخل کرنے کی تیاریاں کرلیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین نے منی لانڈرنگ کے ذریعے اربوں روپے بھارت پہنچائے جہاں بھارتی شہر بنگلور میں ان کا گلوبل میڈیکل سنٹر زیر تعمیر ہے ۔ ڈاکٹر عاصم حسین نے اپنے بہنوئی اور بھارتی منی ایکسچینج کے ذریعے منی لانڈرنگ کرائی ۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کے بہنوئی نے اربوں روپے منی لانڈرنگ کے ذریعے بھارت بھجوائے اور منی لانڈرنگ یواے ای ایکسچینج کے ذریعے دبئی سے کی گئی جس میں ایکسچینج مالکان بھارتی شہریوں سنیل شیٹھی اور سدیش شیٹھی نے سہولت کار کا کردار ادا کیا۔ نیب نے بھارتی شہری سنیل شیٹھی اور ڈاکٹر عاصم حسین کے بہنوئی کے بیانات قلمبند کرکے شواہد جمع کرلیے ہیں جبکہ احتساب عدالت میںضمنی ریفرنس داخل کرنے کی تیاریاں بھی مکمل کرلی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نیب ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف 462 ارب روپے کی میگا کرپشن کی تحقیقات کررہا ہے جبکہ ڈاکٹر عاصم حسین پر میگا کرپشن سکینڈل میں فرد جرم بھی عائد ہوچکی ہے۔