جوانوں کی تربیت کے لئے پاک فوج کی خدمات حاصل ہیں، لیویز کو مثالی فورس بنائیں گے :ڈپٹی کمشنر گوادر
گوادر(ڈیلی پاکستان آن لائن)ڈپٹی کمشنر گوادر طفیل احمد بلوچ نے کہا ہے کہ لیویز کو مثالی فورس بنائیں گے ، تربیت حاصل کرنے والے لیویز نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا، دوسرے مرحلے میں جوانوں کو تربیت فراہم کرنے کیلئے پاک فوج کی خدمات حاصل کی جائینگی ۔
لیویز فورس کے جوانوں کی پاسنگ آؤٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گوادر طفیل احمد بلوچ نے کہا ہے کہ ایک ماہ کے دوران لیویز فورس ضلع گوادر کے 69جوانوں کو پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی گئی ہے، اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ پاک فوج کی مشکور و ممنون ہے کہ انہوں نے ہمارے لیویز فورس کے جوانوں کو پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی، جس سے تربیت حاصل کرنے کے بعد لیویز فورس کی استعداد کار میں اضافہ ہوگااور وہ ہر قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہونگے، دوسرے مرحلے میں بھی فورس کے جوانوں کو تربیت فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے تربیت حاصل کرنے والے جوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ خدمات کی فراہمی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے چوکس رہیں۔ تقریب میں سول و آرمی آفیسران و دیگر نے بھی خطاب کیا ، تقریب کے آخر میں تربیت مکمل پانے والے جوانوں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

