قرآن پاک کی تعلیم لازم قرار دینے بارے بل کی منظوری خوش آئند ہے،صباء ثاقب

قرآن پاک کی تعلیم لازم قرار دینے بارے بل کی منظوری خوش آئند ہے،صباء ثاقب

لاہور( لیڈی رپورٹر ) پنجاب اسمبلی سے تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی تعلیم لازم قرار دینے سے متعلق بل کی منظوری انتہائی خوش آئند ہے ۔ حکومت اب اس پر فوری عملدرآمد کیلئے نہ صرف سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی بھرتیاں کرے بلکہ پرائیویٹ تعلیمی ادارو ں کو بھی اس بل پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کرے۔ اس امر کا اظہار الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ لاہور کی سیکرٹری جنرل صباء ثاقب نے ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صبا ثاقب نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی تعلیم سے والدین کو بہت ریلیف ملے گا اور انہیں اپنے بچوں کو قرآن پاک کی تعلیم دینے اور اسے سمجھنے کیلئے پریشانی نہیں اٹھانا پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ چھٹی جماعت سے بارھویں جماعت کے طلبہ کو قرآن پاک با ترجمہ پڑھانے سے طلبہ کو نہ صرف اللہ کے احکامات اور دین سے متعلق آگاہی ہو گی بلکہ وہ اس کی روشنی میں اپنے مستقبل کا بہترفیصلہ کر سکیں گے اور بہت سی برائیوں سے بھی اجتناب ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے بل پاس ہونے پر بل کے محرک ڈاکٹرسید وسیم اختر اور تمام ارکان صوبائی اسمبلی کو مبارکباددی ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4