یونیورسٹی آف ایجوکیشن ، اساتذہ کی کارکردگی کے جائزے کے حوالے سے ورکشاپ

یونیورسٹی آف ایجوکیشن ، اساتذہ کی کارکردگی کے جائزے کے حوالے سے ورکشاپ

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے زیر اہتمام اساتذہ کی کارکردگی کے جائزے کے حوالے سے دو روزہ ورکشاپ گزشتہ روز ٹاؤن شپ کیمپس میں شروع ہو گئی، جس میں یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کے اساتذہ نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے کہا کہ اس ورکشاپ کا بنیادی مقصد اساتذہ کی قابلیت کو مختلف پیمانوں سے جانچنا ہے تاکہ درس و تدریس کے سلسلے کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ خود احتسابی کے نظریے پر عمل پیرا ہو کر اپنی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے ہر وقت کوشاں رہیں۔ تدریس ایک پیغمبرانہ پیشہ ہے، لہذا اساتذہ کو اپنے کردار و عمل سے اس پیشے کی عزت برقرار رکھنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بہترین اساتذہ تیار کرنا ہماری جامعہ کا نصب العین ہے، جس کے لئے ہم اپنا سفر کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر محمد منشاء نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی خوبیوں میں اضافے اور خامیوں پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں تاکہ وہ اپنے طلباء کو بہترین علم فراہم کر سکیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4