پاکستان فٹبال فیڈریشن نے انٹرنیشنل ایونٹس کیلئے جامع پلان بنالیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن نے رواں برس شیڈول انٹرنیشنل ایونٹس کی تیاریوں کیلئے جامع پلان بنالیا جب کہ غیر ملکی قومی کوچ جوز انٹونیو نوگیوراکی مدد سے کراچی میں جاری چیلنج کپ میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔3 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن نے عدالتی احکامات کے بعد دوبارہ کام کا آغاز کر دیا ہے، گزشتہ 2 ماہ میں فیصل صالح حیات کی سربراہی میں قائم فیڈریشن نہ صرف فیفا کی طرف سے پاکستان پر عائد پابندی ختم کروانے میں کامیاب رہی ہے بلکہ غیر ملکی کوچ کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔جوز انٹونیو نوگیورا ان دنوں کراچی میں موجود ہیں اور شہر قائد میں جاری چیلنج کپ کے میچز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔