تمام ڈسٹرکٹس میں سکروٹنی کے بعدنئے انتخابات کرائیں گے،سردارنوید

تمام ڈسٹرکٹس میں سکروٹنی کے بعدنئے انتخابات کرائیں گے،سردارنوید

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر سردار نوید حیدر نے کہا ہے کہ تمام ڈسٹرکٹس میں سکروٹنی کا عمل مکمل کر کے نئے انتخابات کرائیں گے۔ گذشتہ تین سال سے فٹبال کو جو نقصان ہو چکا ہے اسے ڈسٹرکٹ، ڈویڑنز میں لیگ فٹبال کے انعقاد سے اس کا اڑالہ کیا جائے گا۔ لاہور میں سپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن آف لاہور (سجال) کے دفتر میں لاہور ڈسٹرکٹ فٹبال کے صدر میاں رضوان اور قصور ڈسٹرکٹ کے نمائندے چوہدری جاوید غنی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر کا کہنا تھا کہ 36 اضلاع میں گذشتہ تین سالوں سے فٹبال کی کوئی سرگرمیاں منعقد نہیں ہوئی ہیں جس کی بنا پر ٹیلنٹ ضائع ہوا ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ تمام ڈسٹرکٹس میں لیگ کرائیں جن کلبوں نے لیگ میں حصہ نہ لیا تو انہیں ووٹنگ رائٹ سے خارج کر دیا جائے گا۔

پنجاب میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، ڈسٹرکٹ اور ڈویڑن کی سطح پر ہونے والی لیگز سے نوجوانوں کو صلاحیتں دکھانے کا موقع ملے گا۔ میری اولین ترجیح فٹبال سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ سردار نوید حیدر کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے حکم پر پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کا انتخابی عمل مکمل ہوا ہے، آئین اور قانون کے تحت پنجاب فٹبال کا صدر منتخب ہوا ہوں۔ کھیل کو سیاست سے پاک ہونا چاہیے، ملک میں کوئی بھی نیا سیاسی سیٹ اپ آئے انہیں سپورٹس کو ترجیحات کے طور پر رکھنا چاہیے۔ پنجاب کے الیکشن میں بعض سیاسی پارٹیوں کی جانب سے اثر و رسوخ استعمال کرنے کی کوشش کی گئی تھی تاہم ا? کا شکر ہے کہ اس نے عزت سے نوازا۔ اب پنجاب فٹبال کو ایک پروفیشنل انداز میں لیکر آگے چلیں گے تاکہ کھلاڑیوں اور ملک کا نقصان نہ ہو۔ اکثر ڈسٹرکٹس سے جعلی کلبوں کی شکایات موصول ہو رہی ہیں جس کی بنا پر تمام ڈسٹرکٹ میں سکروٹنی کرائی جائے گی تاکہ جعلی کلبوں کا خاتمہ ہوگا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی