تعلیمی اداروں میں واٹر کولرز نصب کرنے کی ڈیڈ لائن ختم ، آج سے چھاپوں کا سلسلہ شروع

تعلیمی اداروں میں واٹر کولرز نصب کرنے کی ڈیڈ لائن ختم ، آج سے چھاپوں کا سلسلہ ...

لاہور (کامرس رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی تعلیمی اداروں کو واٹر کولرزکی تنصیب کے حوالے سے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی۔آج سے لاہور سمیت صوبہ بھر کے سرکاری اور نجی سکولوں کی انسپکشن شروع ہوگی۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے انسپکشن ٹیموں کوآج سے لاہور سمیت صوبہ بھر کے سرکاری اور نجی سکولوں کی انسپکشن شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ انسپکشن ٹیمیں صوبہ بھر میں 70 ہزار پرائیویٹ اور 60 ہزار سرکاری سکولوں کی چیکنگ کریں گی جن میں لاہور کے 12500 پرائیویٹ اور 1248 سرکاری سکول بھی شامل ہیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ طلباء کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی سکولز کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام سکولز فیسوں کی مد میں طلباء سے صاف پانی فراہم کرنے کے چارجز بھی وصول کرتے ہیں۔دو روزہ انسپکشن کے بعد واٹرکولرز نہ لگانے والے سکولزکے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے بھاری جرمانے کئے جائیں گے۔دریں اثناء پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور اور گرد ونواح میں کاروائی کرتے ہو ئے لکشمی چوک میں غنی جی ریسٹورنٹ اور ایبٹ روڈ پرواقع شان نہاری ریسٹورنٹ کو صفائی کے ناقص انتظامات ، غیر معیاری اجزاء ا اور ناقص آئل ستعمال کرنے ، ملازمین کے میڈیکلزنہ ہونے ،حشرات کی بھرمار اورریکارڈ کی عدم موجودگی پرریسٹورنٹس کو سیل کردیاگیا۔جبکہ سلامت پورہ میں غیر معیاری اجزاء کی ملاوٹ سے قلفی تیار کرنے ، ملاوٹی دودھ اورگندے زنگ آلودہ سانچے استعمال کرنے، صفائی کے ناقص انتظامات ، حشرات کی موجودگی اورمس لیبلنگ کرنے پر پروڈکشن یونٹ کو سیل کر دیا ۔نیز بھاری مقدار میں تیار قلفیاں ملاوٹی دودھ اور غیر معیاری اجزاء تلف کر دیاگیا ۔مزید برآں سلامت پورہ میں سلیم پکوڑیاں پروڈکشن یونٹ کو سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے، غیر معیاری اجزاء ، ناقص آئل اور گندے بدبو دار ماحول کی وجہ سے پروڈکشن یونٹ کو سیل کیا گیا۔ دوسری جانب فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائیوں کے دوران 3 فوڈ پوائنٹس کو صفائی کے ناقص انتظامات ، زائدلمعیاد خوراک کی فروخت،دی گئی ہدایات پرعمل نہ کرنے، حشرات کی بہتات ، کاسمیٹکس کلرز اورمٹھائیوں میں حشرات کی موجودگی اور کیمیکل ڈرمز کا استعمال کرنے پر مجموعی طور پر 33,000کے جرمانے عائد کئے ۔حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر مختلف فوڈ پوائنٹس، ہوٹلز، سوئٹس اینڈ بیکرز ،کر یانہ سٹورزاورپروڈکشن یونٹس سے بھاری مقدار میں مضر صحت اور زائدلمعیاد غذا کو موقع پر تلف کر دیا گیا ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمز نے شہر بھر میں کاروائیاں کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزی پر 77فوڈ پوائنٹس کو وارننگ نوٹسز جاری کئے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1