فنکاروں کی فلاح و بہبود کے کام میں تیز ی لائیں گے،توقیر ناصر

فنکاروں کی فلاح و بہبود کے کام میں تیز ی لائیں گے،توقیر ناصر

لاہور(جنرل رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل (الحمراء) اپنی بے مثال کارکردگی کی وجہ سے اب بین الاقوامی ثقافتی ادارے کا درجہ حاصل کرچکا ہے، یہاں نہ صرف فن بلکہ فنکاروں کی بہبود کے لئے مزید تیزی سے کام ہوگاان خیالات کا اظہار چیئرمین لاہور آرٹس کونسل توقیر ناصرنے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا، اجلاس میں لاہور آرٹس کونسل الحمراء کی گزشتہ چار سالوں کی کارکردگی اور ہم منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انور نے الحمراء کلچرل کمپلیکس فیروز پور روڈ کو لاہور کے تاریخی حوالے سے نئے نام سے منسوب کرنے کا مشورہ دیا اور اس سلسلے میں ریسرچ کا کام اصغر ندیم سید کے حوالے کردیا گیا ۔ اجلاس میں سٹیج ڈراموں کا معیار بہتر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹن(ر) عطاء محمد خان کی کارکردگی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس سلسلے میں بورڈ کے رکن اداکار مسعود اختر نے ایک قرار داد پیش کی جس میں کہا گیا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل کیپٹن عطا محمد خان نے اپنے وژن اور جدت پسند تخیل کے طفیل لاہور آرٹس کونسل کو نمایاں ترین مقام پر جلوہ افروز کیا ہے، یقیناً ان کی سربراہی میں یہ ادارہ مزید کئی سنگ میل عبور کرے گا، اجلاس میں اس خواہش کا اظہار کیا گیا کہ کیپٹن عطا محمد خان کی غیر معمولی قائدانہ صلاحیتوں کے پیش نظر ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد بھی لاہور آرٹس کونسل کو ان کی سربراہی حاصل رہنی چاہیے تاکہ فن و ثقافت کی ترویج کا موجودہ عمل پہلے سے زیادہ رفتار کے ساتھ جاری و ساری رہے۔ اجلاس میں بورڈ کے ارکان مسعود اختر، نیئر علی دادا، نصرت جمیل، بشریٰ انجم بٹ (ایم پی اے)اصغر ندیم سید ، آر ایم نعیم، پرویز بشیر، عمران شوکت، سیکرٹری محکمہ اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انور، ڈپٹی سیکرٹری فنانس کاشف منظور، اسسٹنٹ کمشنر پروٹوکول صفدر ورک، حمید قاضی،جنرل منیجر پی ٹی وی لاہور اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل نے شرکت کی۔

الحمراء

مزید : میٹروپولیٹن 1