افغان فضائیہ کلی بمباری سے 30بچوں سمیت 36افراد جاں بحق ، 71زخمی ہوئے : اقوام متحدہ

افغان فضائیہ کلی بمباری سے 30بچوں سمیت 36افراد جاں بحق ، 71زخمی ہوئے : اقوام ...

کابل\نیویارک(آن لائن)اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ افغان فضائیہ کے گن شپ ہیلی کاپٹروں نے گزشتہ ماہ مقامی مدرسے پر راکٹ اور ہیوی مشین گن سے حملہ کیا،جس کے نتیجے میں 30 بچوں سمیت 36 افرادجاں بحق جبکہ 71 زخمی ہو گئے تھے۔منگل کو اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ گزشتہ ماہ 2 اپریل کو افغانستان کے شمالی شہر قندوز کے ضلع ارچی میں مذہبی نوعیت کی تقریب جاری تھی کہ افغان فضائیہ نے حملہ کردیا،جس کے نتیجے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچوں کی تعداد 81 تھی جبکہ مجموعی طورپر 107 افراد حملے سے متاثرہوئے۔افغانستان میں اقوام متحدہ کے معاون مشن (یو این اے ایم اے) نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ افغان حکومت نے مذہبی تقریب کے دوران راکٹ اور خود کار ہتھیاروں سے گولیاں برسائیں،جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں بچے جاں بحق ہو گئے،تفتیش کاروں نے 107 متاثرین کی تصدیق کی،تاہم جاں بحق ہونیوالے کی تعداد 200 سے زائد بتائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں حتمی اعداد وشمار کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔معاون مشن اقوام متحدہ نے کہا کہ 90 سے زائد عینی شاہدین سے واقعے کے متعلق انٹرویو کئے گئے،انہوں نے بتایا کہ جنگی ہیلی کاپٹروں نے ضلع ارچی میں منعقد ‘دستار بندی’ کی تقریب پر راکٹ داغے اور ہیوی مشین گن سے فائرنگ کی،دستار بندی کی تقریب میں 12 راکٹ فائر کئے جس کے بعد تقریب میں شریک نوجوان ، بچے اور بزرگ اپنی جانیں بچانے کیلئے قریبی گھروں کی جانب بھاگے۔مذکورہ واقعہ کے بعد افغان حکومت نے شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی اور صدر اشرف غنی نے تحقیقات کا حکم بھی دیا لیکن تحقیقات کے کوئی نتائج تاحال پیش نہیں کئے جا سکے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ افغان حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ حملے کا مقصد طالبان کے اسپیشل گروپ ‘ریڈ یونٹ’ کے ارکان کو ہلاک کرنا تھا جو قندوس شہر میں حملے کی پلاننگ کر رہے تھے اور 2015 سے طالبان کے زیر اثر ہے۔اکتوبر 2015 میں قندوس میں قائم طبی امداد کے کیمپ پر امریکی فضائیہ کے حملوں میں 42 شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔

اقوام متحدہ

مزید : علاقائی