بھارت تحریک آزادی کو دہشتگردی کا رنگ نہیں دے سکتا ، دفتر خارجہ
اسلام آباد ( آئی این پی ) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے قتل عام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے بھارتی فوج نے پانچ مئی سے اب تک 14 کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے ، بھارتی قابض فوج نے جان بوجھ کر نوجوانوں کو نشانہ بنایا ، متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ۔ منگل کو ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے اپنے ایک بیان میں پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری کے قتل عام کی مذمت کی اور کہا نہتے کشمیریوں کو شدید انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا ہے، بھارتی فوج کے طاقت کے بیہمانہ استعما ل کی مذمت کرتے ہیں ۔ کشمیری تشدد ، ریپ ، پیلٹ گنز اور ماورائے عدالت قتل کا شکار جبکہ حریت قیادت غیر قانونی طور پر مسلسل نظر بندہیں ۔ بھارتی ریاستی دہشتگردی کشمیریوں کا جذبہ آزادی دبایا عزم کو کمزور نہیں کر سکتی ،نہ ہی بھارت پروپیگنڈے سے تحریک آزادی کو دہشتگردی کا رنگ دے سکتاہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے ،عالمی برادری یو این قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کروائے جو جنوبی ایشیاء کے دیر پا امن و استحکام کے لئے ضروری ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ