پنجاب، اراضی ریکارڈ سنٹرز میں 151 ہیلپ لائن بوتھ نصب کردئے گئے

پنجاب، اراضی ریکارڈ سنٹرز میں 151 ہیلپ لائن بوتھ نصب کردئے گئے

لاہور(اپنے نمائندے سے )ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی ہدایت پر صوبے بھر کے اراضی ریکارڈ سنٹرز میں عوام الناس کی شکایات اور بروقت مسئلے کے حل کیلئے فری کال سسٹم کے تحت ہیلپ لائن بوتھ نصب کردئے گئے، روزنامہ پاکستان کو ملنے والی معلومات کے مطابق نہ انتظار، نہ قطار بات کرنے کیلئے صرف فون اٹھائیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی عائشہ حمید کی ہدایت پر صوبے بھر کے اراضی ریکارڈ سنٹرز میں ہیلپ لائن بوتھ نصب کرنے کا کام تیزی سے شروع ہوچکا ہے، اب تمام اراضی ریکارڈ سنٹرز میں سائلین کسی بھی قسم کی شکایات کے اندراج یا درپیش مسئلے کے فوری حل کیلئے سنٹر میں نصب کئے جانے والے ہیلپ لائن بوتھ سے فری کال کے ذریعے ہیلپ لائن سٹاف کو شکایات کا اندراج کروائیں گے اور پانچ منٹ کے دورانیہ میں اس شکایات کا ازالہ کیا جائے گا، 151سے زائد ہیلپ لائن بوتھ اراضی ریکارڈ سنٹرز میں نصب کردئے گئے ہیں جن کو آئندہ چھ سات روز میں باقاعدہ استعمال میں لایا جاسکے گا۔ ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی عائشہ حمید نے روزنامہ پاکستان کو بتایا کہ اس سہولت کا مقصد عوام الناس کو فوری ریلیف دینا ہے اور چیک اینڈ بیلنس کے طریق کار کو مزید مضبوط کرنا ہے ،براہ راست شکایات کا فوری نوٹس لیا جائے گا اور ہیلپ لائن بوتھ سسٹم سے اراضی ریکارڈ سنٹرز سٹاف کی کارکردگی اور پرفارمنس کا تعین کرنے میں بھی مزید آسانی ہوگی۔

ہیلپ لائن بوتھ

مزید : صفحہ آخر