امریکہ میں بغیر رجسٹریشن اپنی حکومت کیلئے لابنگ پرپاکستانی کا اعتراف جرم

امریکہ میں بغیر رجسٹریشن اپنی حکومت کیلئے لابنگ پرپاکستانی کا اعتراف جرم

واشنگٹن(این این آئی)امریکہ کی ایک وفاقی عدالت میں غیر ملکی ایجنٹ سے متعلق جاری ایک مقدمے میں اکہتر سالہ پاکستانی شخص نے اعتراف کیا ہے کہ وہ پاکستانی حکومت کے ایما پر امریکہ میں لابنگ کر رہا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے ایک بیان میں کہاکہ 71سالہ پاکستانی شہری نثار احمد چوہدری نے اعتراف کیا ہے کہ وہ خود کو بطور غیر ملکی ایجنٹ رجسٹر کرائے بغیر 2012ء سے پاکستانی حکومت کیلئے امریکہ میں لابنگ کر رہے تھے،اس اعتراف کے بعد مقدمے میں انہیں پانچ سال قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔امریکی دفتر استغاثہ کے مطابق پاکستان امریکی لیگ کے صدر کے طور پر نثار احمد چوہدری نے حکومتی اہلکاروں، کسٹم اور بارڈرسیکیورٹی حکام کے علاوہ تھنک ٹینکس کے ساتھ رابطوں کے دوران انہیں بتایا تھا کہ ان افراد سے حاصل کردہ معلومات کو وہ صرف تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال کریں گے۔وضح رہے کہ امریکہ میں غیر ملکی ایجنٹوں کی رجسٹریشن ایکٹ کے تحت غیر ملکی حکومتوں کے ایما ء پر لابنگ اور دیگر سیاسی سرگرمیوں کیلئے کام کرنے والے اشخاص اور اداروں کو امریکی محکمہ انصاف میں لازمی طور پر رجسٹریشن کرانا ہوتی ہے۔ تاہم ماضی میں یہ امریکی ادارہ رجسٹریشن کے بغیر سیاسی سرگرمیاں کرنے والے اشخاص کے خلاف مقدمات قائم کرنے کی بجائے انہیں رجسٹریشن کرانے کی ہدایات ہی کرتا رہا ہے۔

اعتراف جرم

مزید : صفحہ آخر