کر غزستان سے تعلیلی معاہدوں کی منظوری ، چین ، صومالیہ سے مفاہمتی یاداشتوں کی توثیق
اسلام آباد (اے پی پی،این این آئی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ نے وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملہ کی سخت مذمت اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ کابینہ نے وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 27 اپریل کے اجلاس میں فیصلوں کی توثیق کر دی۔ اجلاس میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعلیم کے شعبوں میں تعاون سے متعلق 8 مارچ 2005ء میں طے پانیوالے معاہدوں کی تجدید کی منظوری دیدی گئی۔ کابینہ نے چین اور پاکستان کے مابین زراعت اور بائیو سائنس کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشت، پاکستان اور اردن کے درمیان مجرموں کے تبادلہ کے معاہدہ اور نادرا کی جانب سے صومالیہ کو خدمات کی فراہمی سے متعلق 14 ملین امریکی ڈالر مالیت کی کریڈٹ لائن فیسلیٹیکی فراہمی کے معاہدے کی توثیق کر دی۔ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے اقبال اکیڈمی لاہور کیلئے نائب خزانچی اور گورننگ باڈی نامزدگی، احمد اویس پیرزادہ کی اپیلٹ ٹریبونل میں بطور رکن تعیناتی، نئے میڈیکل کالجز کیلئے نظرثانی شدہ انسپکش پرفارما اور کابینہ کی قومی سیکورٹی پرنٹنگ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی منظوری دیدی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کابینہ ارکان کو فاٹا اصلاحات پر پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس سے متعلق آگاہ کیا۔وزیراعظم عباسی کی زیرصدارت توانائی کیلئے کابینہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا،اجلاس میں ملک میں بجلی کی طلب اوررسد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے شرکا کورمضان المبارک میں بجلی کی دستیابی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔بجلی کے جاری منصوبوں کی پیش رفت سے کابینہ کمیٹی کو اگاہ کیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق بھی رپورٹ پیش کی گئی جبکہ اس دوران کے الیکٹرک کی نجکاری سے متعلق امور بھی زیر غورآئے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے حکام کو سحر و افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان المبارک کے دوران چینی کے وافر ذخیرہ کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ای سی سی کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منگل کو وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ای سی سی نے رمضان المبارک کے دوران چینی کی دستیابی کے بارے میں وزارت تجارت کی رپورٹ پر غور کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں ماہانہ 0.433 ملین میٹرک ٹن مصرف کے حساب سے 4.35 ملین میٹرک ٹن چینی کا ذخیرہ موجودہے۔ ای سی سی نے رمضان المبارک کے دوران چینی کے وافر ذخیرہ کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔