امریکی سفارتخانہ کی یروشلم منتقلی،سائن بورڈز آویزاں

امریکی سفارتخانہ کی یروشلم منتقلی،سائن بورڈز آویزاں

تل ابیب، واشنگٹن (آن لائن، مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی حکام نے یروشلم میں ایسے روڈ سائنز یا راستے کی نشاندہی کرنیوالے بورڈز نصب کر دیئے ہیں جو امریکی سفا رتخانے کو جانے والے راستے کی جانب رہنمائی کرتے ہیں،امریکی سفارتخانہ آئندہ ہفتے تل ابیب سے یروشلم منتقل ہونا ہے، جبکہ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مقبوضہ بیت المقدس میں کھولے جانیوالے امریکی سفارتخانے کی افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق منگل کو اس حوالے سے میئر یروشلم کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ یہ خواب نہیں حقیقت ہے،یروشلم یہودی لوگوں کا ابدی دارالحکومت ہے اور دنیا نے اس حقیقت کو تسلیم کرنا شروع کر دیا ہے۔دوسری جانب امریکہ محکمہ خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی طور پر یہ مشن ایک عبوری سفارتخانہ ہے جو ایک ایسی عمارت میں کھولا جا رہا ہے جو اس وقت یروشلم میں امریکی قونصل خانے کے تحت قائم ہے،تاہم یروشلم میں مستقل امریکی سفارتخانے کی جگہ کا تعین کیا جانا ابھی باقی ہے۔ترجمان اسرائیلی وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پیراگوئے کے صدر ہوراسیو کارٹیس رواں ماہ کے اختتام تک اسرائیل آ کر اپنے ملک کے سفارتخانے کا افتتاح کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو امریکی عبوری ایمبیسی کمپاؤنڈ جانیوالے راستے کی نشاندہی کرتا ہے،یروشلم میں امریکی سفارتی مشن نے 14 مئی سے کام شروع کرنا ہے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مقبوضہ بیت المقدس میں کھولے جانے والے امریکی سفارتخانے کی افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یروشیلم میں کھولے گئے امریکی سفارتخانے کی افتتاحی تقریب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی غیر متوقع ہے ۔ مقبو ضہ بیت المقدس میں 12 مئی کو امریکی سفارتخانے کی افتتاحی تقریب میں امریکی وفد میں وزیر خزانہ کے سیکرٹری سٹیون میوچن، ڈونلڈ ٹر مپ کے داماد جیرڈ کوشنر اور بیٹی ایوانکا ٹرمپ جو وائٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر خاص کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں، شامل ہوں گے۔واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس دسمبر میں یہ متنازعہ اعلان کیا تھا وہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہیں اور امریکی سفارتخانہ جلد ہی تل ابیب سے یروشلم منتقل کر دیا جائیگا۔اسرائیل نے امریکی فیصلے کا گرم جوشی سے خیر مقدم کیا تھا۔گوئٹے مالا بھی قبل ازیں اپنا سفارتخانہ یروشلم منتقل کرنے کا اعلان کر چکا ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول