ہنگو میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے فصلوں اور باغات کو نقصان
ہنگو(بیورورپورٹ ) ہنگو اور اورکزئی ایجنسی میں شدید بارشوں اور ژالہ باری سے گندم کی کھڑی فصلوں سبزیوں اور پھلوں کے باغات کو شدید نقصان۔ ہنگو کے علاقہ زرگزی کے مقام پر شدید طغیانی سے حفاظتی بند پانی میں بہہ گیا ۔تفصیلات کے مطابق ضلع ہنگو میں شدید بارشوں اور ژالہ باری سے ضلع بھر کے مختلف یونین کونسلوں میں گندم کی کھڑی فصلو ں کو شدید نقصان پہنچا۔ اسی طرح ضلع بھر میں سبزیوں اور پھلوں کے باغات کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ انگور اور ٹماٹروں کے باغات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ۔اس کے علاوہ ہنگو کے علاقہ زرگزی کے مقام پر شدید طغیانی سے حفاظتی بند پانی میں بہہ گیا۔ادھر لوئر اورکزئی ایجنسی اور اپر اورکزئی ایجنسی اور اورکزئی ایجنسی کے چاروں تحصیلوں میں بارشوں اور شدید ژالہ باری سے گندم کی کھڑی فصلوں کے ساتھ ساتھ سبزیوں اور پھلوں کے باغات کو شدید نقصان پہنچاہے جبکہ انگور ،ٹماٹر ،الوچہ ،خوبانی کے باغات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ماہ مئی میں شدید بارشوں سے ان علاقوں میں موسم سرد اور خوشگوار ہو گیا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ زمینداروں کو شدید نقصان بھی پہنچا ہے ۔