سخاکوٹ میں اے این پی کے زیر اہتمام ایک روزہ سیمینار اور جشن
سخاکوٹ ( نمائندہ پاکستان) عوامی نیشنل پارٹی ملاکنڈ کے زیر اہتمام جشن پختونخواہ کے موقع پر ایک روزہ سیمینار اور جشن حجرہ نیک عمل خان (مرحوم ) سخاکوٹ میں منعقد ہوا جس سے ضلعی صدر شفیع اﷲ خان ، تحصیل صدر درگئی مسافر خان ، صوبائی ورکنگ کمیٹی کے ممبر حاجی محمد حسن ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات ساجد حسین مشوانی ، ملگری اُستاذان کے ضلعی جنرل سیکرٹری سید محمود اورعلی خان سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا ۔ ضلعی صدر شفیع اﷲ خان اور دیگر مقررین نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین نے سالہاسال جدوجہد ، قربانیوں اور دن رات محنت کے بعد پختونوں کو الگ پہچان اور نام دیا ہے اور ان کے لئے صوبہ پختونخواہ کا نام حاصل کیا ہے حالانکہ اس مطالبے پر اے این پی کے قائدین پر غداروں کے الزامات لگائے گئے لیکن قائدین نے پختونوں کے حقوق ، الگ پہچان اور نام کے لئے شروع کی گئی جنگ نہیں چھوڑی ۔ مقررین نے کہا کہ پختونوں کو الگ پہچان اور نام دلانا خان عبد الغفار خان اور خان عبد الولی خان کا خواب اور آرمان تھا جو کہ ان کے بیٹے اور نواسے نے پورا کردیا ہے ۔ مقررین نے کہا کہ چند لوگ 18ویں ترمیم کے خاتمے کی کوشش کرکے پختونوں کے حقوق پر دوبارہ قبضہ کرنا چاہتے ہیں لیکن جب تک باچہ خان بابا کا ایک بھی سپاہی زندہ ہے کوئی مائی کا لال پختونوں سے انکا پہچان اور نام نہیں چھین سکتا ۔ جشن پختونخواہ کے موقع پر کارکنون نے ڈھول کے تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور خوشی کا اظہار کیا ۔