پی ٹی آئی کے سینیٹر اور ایم این اے پی پی پی کے ترقیاتی سکیموں پر تختیاں لگا رہے ہیں:لعل محمد خان

پی ٹی آئی کے سینیٹر اور ایم این اے پی پی پی کے ترقیاتی سکیموں پر تختیاں لگا ...

سخاکوٹ ( نمائندہ پاکستان) پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان ورکرز کنونشن حجرہ محمد اعظم خان سخاکوٹ میں زیر صدارت حسن شاہ ماما منعقد کیا گیا جس میں جیالوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ورکرز کنونشن سے سابق وفاقی وزیر اور ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کونسل لعل محمد خان ، تحصیل صدر محمد اعظم خان ، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی لیاقت علی ،سینئر رہنماؤں حاجی قاسم قصاب ، نثار خان آف مہردے اور نیک حسین خان سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر لعل محمد خان نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کے موجودہ ایم این اے جنید اکبر خان اور سینیٹرسمیت دیگر مخالفین میرے شروع کردہ ترقیاتی اسکیموں پر اپنے نام کی تختیاں لگا رہے ہیں اور سیاسی شہرت حاصل کرنے کے لئے میرے منصوبوں کو پیش کیا جارہا ہے حالانکہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ یہ ترقیاتی منصوبے اور سوئی گیس کا کام کس نے شروع کئے ہیں اور کس نے اس کے لئے کروڑوں روپر مختص کرائیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں پی پی پی کے بڑے بڑے عہدوں پر فائز رہ چکا ہوں اور ہمیشہ کارکنوں کے ووٹ اور رائے کو امانت سمجھ کراس کی عزت کی ہے اور اپنے دور وزارت میں ملاکنڈ اور بالخصوص تحصیل درگئی کے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے جس کی وجہ سے عوام نے ہمیشہ ہم پر اعتماد کرکے ہمیں عزت دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپنے دور وزارت کے دوران ملاکنڈ میں 84کروڑ روپے سے زائد سے گیس کے کام جبکہ بجلی ، سڑکوں ، پینے کے پانی اور گلی کوچوں کی مد میں خطیر رقم خرچ کی ہے لیکن اس کے باوجود کبھی کمیشن نہیں لیاکیونکہ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں سے ہوں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تحصیل صدر محمد اعظم خان نے کہا کہ پی پی پی پرچند ٹھیکیداروں کا قبضہ ہے جبکہ غریب ورکر کو عزت کی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی جیسے بڑے جماعت کو صرف ایک خاندان تک محدود کردیا گیا اور تین بار منتخب ہونے والے ایم پی اے نے کارکنوں کو مایوس کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ کے لئے کاغذات جمع کرائیں ہیں جو کہ ایک جمہوری عمل اور پارٹی قائدین کا فیصلہ ہے اور اگر قائدین نے مجھ پر اعتماد کرکے الیکشن لڑنے کے لئے ٹکٹ دیا تو انشاء اﷲ کارکنوں سمیت قائدین کو مایوس نہیں کرونگا ۔اس موقع پرحاجی لیاقت علی نے کہا کہ ایم ایم اے اور مسلم لیگ ن سمیت تبدیلی کے دعویداروں نے ملک و قوم کو مسائل کے دلدل میں دھکیل دیا ہے لیکن اب مذید جھوٹے وعدوں اوردلفریب نعروں سے عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے ۔ عوام سیاسی طور پر بیدار ہیں اور انشاء اﷲ عام انتخابات میں پی پی پی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائینگے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر