بٹ خیلہ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے درجنوں افراد کی پی پی میں شمولیت

بٹ خیلہ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے درجنوں افراد کی پی پی میں شمولیت

بٹ خیلہ (بیورورپورٹ )حلقہ پی کے 19کے یونین کونسل ورتیر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے درجنوں خاندان پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے ۔ اس سلسلے میں دوبندئی ورتیر میں ایک بڑا شمولیتی اجتماع منعقد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی صوبائی اسمبلی میں پی پی پی کے پارلیمانی لیڈر سید محمد علی شاہ باچہ تھے ۔ شمولیتی اجتماع سے ایم پی اے سید محمد علی شاہ باچہ ، ممبر ضلع کونسل حاجی اکرم خان ،ناظم ویلج کونسل فاروق خان ، نائب ناظم ملک سرور خان اور فرید خان سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ عوام سے تبدیلی ،پختون اور اسلام کے نام پر ووٹ لیکرانہیں دھوکہ دیا گیا۔ دلفریب نعروں پر اقتدار تک پہنچنے والوں کی حکومت عوام نے دیکھ لئے ہیں اس لئے مذید ان کے دھوکوں میں نہیں آئینگے ۔ عوام پی پی پی اور دیگر جماعتوں کے کردار ،کارکردگی اور خدمات کو سامنے رکھ کر موازنہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے دعویداروں ، پختونوں کے حقوق کے علمبرداروں اور تبدیلی کے نعرے لگانے والوں کو عوام اچھی طرح جان چکے ہیں جنہوں نے ووٹ لیکر صرف اقتدار کے مزے لوٹے ہیں حالانکہ اسلام اور پختون کیلئے جو جدوجہد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی جبکہ حقیقی تبدیلی شہید بھٹو اور پی پی پی کے دیگر قائدین بہت پہلے لاچکے ہیں ۔غریب لوگوں کو بیرون ملک ملازمت کے لئے دیگر ممالک کے دروازے کھولنا ، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنانے کی اجازت دینا اور حق کے لئے کھڑا ہونا سب پی پی پی کے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے خدمات اور کارنامے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مولویوں نے اسلام کا نام صرف اسلام آباد تک رسائی کے لئے استعمال کیا ہے اور اب جب مرکز اور صوبے میں اقتدار کے مزے لوٹنے کے دن ختم ہونے والے تو سیاسی مولویوں کو ایک مرتبہ پھر اسلام خطرے میں نظر آنے لگا ہے ۔کوئی بھی شخص شریعت اور اسلام کی مخالفت نہیں کرسکتا لیکن بد قسمتی سے اسلام کے دعویدار اسلام کا نام صرف اسلام آباد تک پہنچنے کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے آزمائش اور قوم کے قسمت کے فیصلے کا وقت قریب ہے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر