نواز شریف پر الزام کے حوالے سے ایوان چیئرمین نیب کوطلب کرکے پوچھ گچھ کرے،وزیر اعظم

نواز شریف پر الزام کے حوالے سے ایوان چیئرمین نیب کوطلب کرکے پوچھ گچھ ...
نواز شریف پر الزام کے حوالے سے ایوان چیئرمین نیب کوطلب کرکے پوچھ گچھ کرے،وزیر اعظم

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف پرسنگین الزام لگایا،ایوان چیئرمین نیب کوطلب کرے اوران سے پوچھ گچھ کرے۔

شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ نیب کرپشن کے خلاف اپنا کردار ادا کرے اورانصاف کے تقاضے پورے کرے،نوازشریف پربھی نیب کی عدالتوں میں کیسزچل رہے ہیں۔ ایک ہفتے میں 7،7 اورروزانہ 3،3 پیشیوں کی کوئی مثال نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب میں انصاف ہوتا ہوا نظرنہیں آرہا۔نیب کی جانب سے 8 مئی کوپریس ریلیزجاری کی گئی،نیب سربراہ کہتے ہیں کہ نواز شریف نے 4 عشاریہ 9 ارب ڈالرزبھارت بھیجے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نیب کوسیاسی جماعتوں کو توڑنے کیلئے بنایاگیاتھا،نیب کے باعث جوحالات پیداہورہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ ادارے اس قسم کے کام کریں توملک نہیں چل سکے گا۔اس قسم کی سوچ رکھنے والے ادارے اورچیئرمین ہونگے تونیب کیسے چلے گا؟انہوں نے کہا کہ نیب کوایسابناناچاہیئے جوانصاف کے تقاضے پورے کرسکے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب نے ملک کے سابق وزیراعظم پرسنگین الزام لگایا،ایوان چیئرمین نیب کوطلب کرے اوران سے پوچھ گچھ کرے۔نیب ایوان کوبتائے اس کے پاس کیاثبوت ہیں،خصوصی کمیٹی بناکرچیئرمین نیب کوطلب کیاجائے اورحقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ احتساب قانون میں ترمیم کرنے کوتیارہیں،احتساب قانون میں ترمیم پراپوزیشن چاہے توبحث کرلے۔

مزید : اہم خبریں /قومی